0
Friday 6 Mar 2020 20:19

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا بھارت میں مسلم نسل کشی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا بھارت میں مسلم نسل کشی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، ملتان، پشاور اور آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھارتی مظالم کے خلاف بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھار رکھے تھے، جن پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور نریندر مودی کا پُتلا بھی نذر آتش کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام جامع مسجد خوجہ اثناء عشری کھارادر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن نے بھارتی شہر دہلی میں ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام اور املاک کو جلائے جانے کے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین دہشتگردی قرار دیا۔

علامہ مبشر حسن نے کہا کہ مودی حکومت نے انتہاپسند عناصر کو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ اقدامات کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، شدت پسندوں کو مودی حکومت کی مکمل آشیر باد حاصل ہے اور سانحہ دہلی میں اسلام دشمنی کا جس سفاکیت سے عملی مظاہرہ کیا گیا، وہ پوری دنیا نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو جلاؤ گھیراؤ کے ان سنگین واقعات کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے، بھارتی حکومت کی بربریت روکنے کیلئے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون کسی کی مذہبی آزادی میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دیتا، لیکن بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر یہ ثابت کرتا آیا ہے کہ وہ کسی عالمی قانون کو خاطر میں نہیں لاتا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ خلیجی ریاستیں اگر بھارت کے ساتھ تجارتی روابط کے خاتمے کا اعلان کریں اور ان کے شہریوں کو ملک بدر کیا جائے، تو چند دنوں میں بھارت پوری دنیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گا، عالم اسلام کو بھارتی مسلمانوں کے درد کا ادراک کرنا چاہیے۔ اس موقع پر رہنما ایم ڈبلیو ایم ناصر الحسینی، میر تقی ظفر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 848781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش