0
Friday 6 Mar 2020 20:27

عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے، ثروت اعجاز قادری

عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے، بعض عناصر اسلام کا غلط تصور پیش کرکے خواتین کے حقوق کا استحصال کر رہے ہیں، خواتین کو جو حقوق اسلام نے دیئے، دنیا کے کسی مذہب نے نہیں دیئے، دور جہالت میں لڑکی کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، سرکار دوعالمﷺ نے سسکتی ہوئی انسانیت کو جہالت سے دور کرکے عورت کو رحمت قرار دیا، مرد اور عورت دونوں کو دین اسلام نے تعلیم حاصل کرنے کا درس دیا ہے، اگر عورت کے ساتھ کہیں امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے، تو اس کا قصور مذہب یا ریاست کا نہیں، بلکہ معاشرے کی اقدار عدم تعلیم یعنی جہالت کا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر شعبہ خواتین کی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دین اسلام نے جنت کو ماں کے قدموں میں بتا کر عورت کا مقام بلند کیا ہے، خواتین پر مغرب کلچر کی سوچ تباہی کے سوا کچھ نہیں ہے، ملک و قوموں کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کا کردار مردوں سے کم نہیں ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خواتین کو آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا، معاشرے کی برائیوں کے خاتمے کیلئے تعلیم کو فروغ دیکر ہی جہالت کو ختم کیا جا سکتا ہے، خواتین تعلیم یافتہ ہونگی تو معاشرے کی خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہی فراہم کرینگی، پاکستان میں خواتین کے تحفظ کیلئے قانون موجود ہے، مگر اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، بچیوں کی تعلیم و تربیت کو یقینی بناتے ہوئے معاشرے سے جہالت کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میں جہاں بھی اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں، وہاں مسلم خواتین کی بچوں کے تحفظ اور حقوق کے حصول کیلئے جرأت و بہادری دیکھ کر غیر مسلم قوتیں پریشان حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادری کی تحریک میں ماؤں، بہنوں اور بچیوں نے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے، لبرل ازم اور سیکولرازم نظام اسلام اور ملک کے آئین کے منافی ہے، ان نظاموں نے خواتین کے حقوق کا ہر دور میں استحصال کیا ہے، پاکستان کا آئین خواتین کو حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 848782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش