0
Friday 6 Mar 2020 23:51

کراچی والے ووٹ دیں تو شہر کو لاہور سے زیادہ چمکا دیں گے، مسلم لیگ نون

کراچی والے ووٹ دیں تو شہر کو لاہور سے زیادہ چمکا دیں گے، مسلم لیگ نون
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کراچی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے ہمیں کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا، احسن اقبال نے کہا کہ کراچی میں دو دن گھومے ہیں شرم آتی ہے، نون لیگ کو ووٹ دیں لاہور سے زیادہ کراچی کو چمکا کر دیں گے۔ یہ بات انہوں ںے جمعہ کو (ن) لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

 سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمران نالائق یا کرپٹ ہیں، عمران خان اپنی کابینہ کو دیکھیں، چینی اور آٹے کے بحران کے ذمہ دار مل جائیں گے، حکومت آٹے اور چینی کی قیمتوں کا جواب دے، نون لیگ کے قائد نواز شریف سندھ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ خاقان عباسی نے کہا کہ کل سے کراچی میں ہیں، گولیمار میں عمارت گرنے کا پتا چلا، وہاں جانا چاہ رہے تھے لیکن بحالی کے کام کی وجہ سے منع کیا گیا، کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو حصہ دیا جاتا ہے اس کے باوجود ماضی میں ہماری حکومت نے کراچی کے لیے لیاری ایکسپریس وے جیسا منصوبہ دیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کراچی میں دو سال میں امن قائم کیا، بجلی گھر بنائے، پورٹ قاسم اور حبکو میں پلانٹ بنائے گئے، گرین لائن منصوبہ بنایا، نون لیگ اور نواز شریف سندھ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے۔ احسن اقبال ںے کہا کہ نون لیگ نے اربوں روپے کی لاگت سے سڑکیں بنائیں، کراچی کی تاریخ میں کسی وفاقی حکومت نے ماضی میں اتنے منصوبے نہیں دیئے، کے فور منصوبہ اور ڈی سیلی نیشن منصوبہ مکمل ہوتا تو پانی کا بحران نہیں ہوتا، کراچی میں دو دن گھومے ہیں شرم آتی ہے، نون لیگ کو ووٹ دیں لاہور سے زیادہ کراچی کو چمکا کر دیں گے۔

قبل ازیں نون لیگ کے ایک کارکن کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے ساتھ بدتمیزی کے خلاف صحافیوں نے احتجاجاً پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا جس کے بعد مذکورہ کارکن کی جانب سے صحافی سے معذرت کے بعد بائیکاٹ ختم کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 848826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش