QR CodeQR Code

لینڈ ریفارمز ایکٹ مسترد، گلگت بلتستان کی تمام زمینیں عوام کی ملکیت ہیں، ایم ڈبلیو ایم

7 Mar 2020 20:30

مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں صوبائی کابینہ اور پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا مشترکہ اجلاس شیخ نیئر عباس مصطفوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جی بی کے تمام علاقوں میں موجود بنجر زمینوں کو عوامی ملکیتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کسی قسم کے بلامعاوضہ سرکاری تصرف کو عوام کی ملکیت پر شب خون تصور کرتا ہے اور لینڈ ریفارمز ایکٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان حکومت عوامی ملکیتی زمینوں پر بلامعاوضہ تصرف کرنے سے باز رہے۔ اراکین اسمبلی لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کرکے عوام دشمن پالیسی کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں۔ مشہور کاروباری شخصیت حاجی صفدر کی بازیابی کیلئے حکومت کی عدم دلچسپی قابل مذمت ہے۔ حاجی صفدر فوری بازیاب نہ کروایا گیا تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ سی ٹی ایس پی کے ذریعے جی بی کے اہل امیدواروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سی ٹی ایس پی کو فوری طور پر ٹیسٹ انٹرویو سے روکا جائے اور میرٹ پر اہل امیدواروں کی بھرتی کی جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں صوبائی کابینہ اور پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا مشترکہ اجلاس شیخ نیئر عباس مصطفوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جی بی کے تمام علاقوں میں موجود بنجر زمینوں کو عوامی ملکیتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کسی قسم کے بلامعاوضہ سرکاری تصرف کو عوام کی ملکیت پر شب خون تصور کرتا ہے اور لینڈ ریفارمز ایکٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور ممبران اسمبلی کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس عوام دشمن اقدام کا حصہ بننے سے باز آجائیں۔
 
اجلاس میں مشہور کاروباری شخصیت حاجی صفدر کو لین دین کے تنازعہ پر اغوا کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور نامزد ملزموں کے خلاف عرصہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود حکومتی کارروائی نہ ہونے اور مغوی کو تاحال بازیاب نہ کروانے پر سخت احتجاج کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حاجی صفدر کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔ صوبائی کابینہ کے اراکین و دیگر عہدیداروں نے سی ٹی ایس پی کے ذریعے جی بی کے اہل امیدواروں کو دیوار سے لگانے اور میرٹ کو پامال کرنے اور اس ادارے کے ذریعے صوبائی حکومت کے گٹھ جوڑ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ سی ٹی ایس پی کو ٹیسٹ انٹرویوز سے روکا جائے اور تمام ٹیسٹ انٹرویوز کو منسوخ کیا جائے کیونکہ موجودہ حکومت ان بھرتیوں کو الیکشن ٹول کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مجوزہ آرڈر 2020 کو مسترد کرتی ہے اور اس آرڈر کو جی بی کے عوام کی توہین سمجھتا ہے اور مطالبہ کیا جاتا ہے کہ گلگت بلتستان کی سات دہائیوں سے جاری محرومیوں کا ازالہ آئینی حقوق کے ذریعے کیا جائے۔ اجلاس میں موضع جوتل میں عوامی زمینوں پر رات کی تاریکی میں آپریشن کو انتظامیہ کا بزدلانہ اقدام تصور کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا کہ طاقت کے بل بوتے پر جبری طور پر عوام کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش سے باز رہے۔


خبر کا کوڈ: 849016

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849016/لینڈ-ریفارمز-ایکٹ-مسترد-گلگت-بلتستان-کی-تمام-زمینیں-عوام-ملکیت-ہیں-ایم-ڈبلیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org