0
Thursday 14 Jul 2011 11:15

واشنگٹن کا ہنگامی دورہ، شجاع پاشا کی امریکی حکام سے ملاقاتیں، دباﺅ ڈالنے کے ہتھکنڈوں سے گریز پر زور

واشنگٹن کا ہنگامی دورہ، شجاع پاشا کی امریکی حکام سے ملاقاتیں، دباﺅ ڈالنے کے ہتھکنڈوں سے گریز پر زور
اسلام آباد،واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے سی آئی اے کے چیف جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سمیت اعلٰی امریکی حکام سے بدھ کو واشنگٹن میں ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے لئے فوجی امداد کی معطلی، اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جنگ، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور خطے میں سکیورٹی کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں اور شدت پسندوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشنز بھی زیر بحث آئے۔ سی آئی اے کے ترجمان نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی واشنگٹن موجودگی پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ احمد شجاع پاشا کی پینٹاگون میں کوئی مصروفیت نہیں۔ اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل اطہر عباس نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کے دورہ امریکہ پر روانہ ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔ 
دریں اثناء پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی روابط کی سطح میں یکدم اضافہ ہو گیا ہے۔ بدھ کے روز ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے واشنگٹن میں امریکی حکام کے ساتھ خاصی مثبت بات چیت کی، جس کے نتیجہ میں افغانستان میں اتحادی افواج کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس مزید بات چیت کے لئے ایک آدھ روز میں پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ نے منگل کے روز جو دورہ پاکستان کیا تھا اس کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے اور روابط بڑھے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل ڈیوس پیٹریاس سی آئی اے کے نامزد سربراہ بھی ہیں، وہ اس ماہ کے آخر میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ 
یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں احمد شجاع پاشا اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے کی مجبوریاں سمجھنے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کی جانب سے انہیں یہ باور کرا دیا گیا امریکہ اس خطے کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھے اور دباو ڈالنے کے ہتھکنڈوں سے پرہیز کیا جائے، کیونکہ یہ طریقہ کار ماضی میں بھی پاکستان امریکہ تعلقات کو نقصان پہنچا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنرل ڈیوڈ پیٹریاس پاکستان میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور خطے میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کوششوں کو سابقہ سطح پر واپس لانے کے موضوع پر بات چیت کی جائے گی۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان کے لئے امریکہ کی فوجی امداد کی بندش اور واشنگٹن سے آنے والے بیانات کے مضمرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 84906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش