QR CodeQR Code

کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کو اپنی الگ پہنچان ملے، شاہ محمود قریشی

8 Mar 2020 18:12

میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ پہچان ملے لیکن بہاولپور اور ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنائے جانے پر تنازع ہے، اگر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر پیش رفت کرنی ہے تو دیگر جماعتوں کو ساتھ ملانا پڑے گا،


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف معاہدے کے تحت پاکستان سے گئے تھے لیکن ان کی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو مطمئن نہیں کر سکیں۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اب ماحول تبدیل ہوا ہے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے والی قوتیں اب ہمیں سرِاہ رہی ہیں، دہلی میں ٹرمپ کی تعریف پاکستان کے لئے اعزاز ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کوشش کرتے رہیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک معاہدے کے تحت پاکستان سے گئے تھے، انہوں نے اپنی میڈیکل رپورٹس باقاعدگی سے جمع نہیں کروائیں، ان کی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو مطمئن نہیں کر سکیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ پہچان ملے لیکن بہاولپور اور ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنائے جانے پر تنازع ہے، اگر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر پیش رفت کرنی ہے تو دیگر جماعتوں کو ساتھ ملانا پڑے گا، وزیراعظم خود اس پر فیصلہ کریں گے، وزیراعظم جلد ہی جنوبی پنجاب صوبے پر اجلاس بلائیں گے۔ اس اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اراکین پارلیمنٹ کو بھی بلایا جائے گا۔ حکومت کے خاتمے کی خبروں سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے پنجاب اور وفاق میں ان ہاؤس تبدیلی نظر نہی آرہی، مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ افراط زر میں کمی آئی ہے، مہنگائی کے طوفان کو ایک بریک لگی ہے جو قوم کے لیے خوشخبری ہے۔

 اس سے قبل خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں اپنے حق خود ارادیت کے لئے برسر پیکار ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظمت کو خصوصی سلام پیش کرنا چاہتا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع مہیا کرنے کا تہیہ کریں، ان تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 849172

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849172/کوشش-ہے-کہ-جنوبی-پنجاب-کو-اپنی-الگ-پہنچان-ملے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org