0
Sunday 8 Mar 2020 22:39

وزیراعظم کی ہدایت پر محسن داوڑ اور علی وزیر کو بیرون ملک جانیکی اجازت

وزیراعظم کی ہدایت پر محسن داوڑ اور علی وزیر کو بیرون ملک جانیکی اجازت
اسلام تائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو کابل جانے سے روک دیا، تاہم وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر دونوں ارکان کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان سے منتخب ہونے والے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کابل جانے سے روک دیا تھا۔  دونوں ارکان اسمبلی کو افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا تھی جس کیلئے انہیں کابل روانہ ہونا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کے باعث روکا گیا۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر دونوں ارکان قومی اسمبلی کو جانے کی اجازت دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے محسن داوڑ اور علی وزیر کو کابل جانے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ایک بار کیلئے اجازت دینے کی ہدایت کی ہے اور دونوں ارکان اسمبلی کو افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے سفرکی اجازت دی گئی۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں محسن داوڑ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے گرفتار کیا۔ یاد رہے کہ 26 مئی 2019ء کو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں 5 جوان زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔ چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں دونوں رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 849206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش