QR CodeQR Code

بھارت میں مسلمانوں پر تشدد کیخلاف افغانستان اور بنگلہ دیش میں احتجاج

9 Mar 2020 11:44

مظاہرے کے منتظم نور حسین قاسمی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں کئی نسلوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے اس لئے ہمیں کسی ایسے لیڈر کا دورہ قبول نہیں جو شدت پسند اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والا ہو۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان اور بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے تشدد اور دیگر مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ترک نیوز ایجنسی ’انادو لو‘ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت مختلف شہروں میں  کئی افراد نے سڑکوں پر بھارت کے خلاف احتجاج کیا اور پندوستانی پرچم نذر آتش کیا۔ افغانستان کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرح کا احتجاج کیا گیا، جس میں سیاسی پارٹیاں اور دیگر افراد شامل تھے۔ مظاہرے میں شامل افراد نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف متحدہ ہوجائیں۔ رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہزاروں افراد نے نریندر مودی کے بنگلہ دیش متوقع دورے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہندوستان میں مسلمانوں پر تشدد کے پیش نظر نریندر مودی کے دورے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے کے منتظم نور حسین قاسمی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں کئی نسلوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے اس لئے ہمیں کسی ایسے  لیڈر کا دورہ قبول نہیں جو شدت پسند اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والا ہو۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں درج تھا  کہ قاتل مودی کو سزا دو اور مودی کے لئے بنگلہ دیش کی سرزمین میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے بانی  شیخ مجیب الرحمان کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر ڈھاکہ حکومت نے نریندر مودی اور دیگر ہندوستانی لیڈروں کو بھی مدعو کیا  ہے۔ اس تقریب میں شرکت کیلئے  17 مارچ کو مودی کا بنگلہ دیش کا دورہ متوقع ہے۔


خبر کا کوڈ: 849265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849265/بھارت-میں-مسلمانوں-پر-تشدد-کیخلاف-افغانستان-اور-بنگلہ-دیش-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org