QR CodeQR Code

کورونا وائرس، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں 25 فیصد تک کمی

9 Mar 2020 15:25

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 30 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ کروڈ آئل کی قیمت 22 فیصد کمی کے بعد 32 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ 35 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ روس نے تیل کی پیداوار میں کمی سے متعلق اوپیک ممالک کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد قیمتوں کے معاملے پر اوپیک ممالک کے درمیان ڈیل نہیں ہو پائی۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں حیرت انگیز طور پر 25 فیصد تک کمی آ گئی ہے۔ اس سے قبل خام تیل کی قیمت میں اتنی کمی 1991 میں عراق کے کویت پر قبضے کے دوران ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 30 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ کروڈ آئل کی قیمت 22 فیصد کمی کے بعد 32 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ 35 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ روس نے تیل کی پیداوار میں کمی سے متعلق اوپیک ممالک کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد قیمتوں کے معاملے پر اوپیک ممالک کے درمیان ڈیل نہیں ہو پائی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیل نہ ہونے کی وجہ سے روس اور سعودی عرب کے درمیان تیل کی قیمتوں پر جنگ شروع ہو گئی ہے۔ ویان میں اوپیک ممالک کے اجلاس کی ناکامی کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کے تجارتی خسارے میں کمی متوقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال سے ملک میں مہنگائی میں کمی ہونی چاہیے۔ خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی ہوئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک سو گیارہ روپے ساٹھ پیسے مقرر کی گئی تھی۔ وزارت خزانہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے کمی گئی۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد نئی قیمت ایک سو بائیس روپےچھبیس پیسے مقرر کی گئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے کمی گئی جس کے بعد نئی قیمت 92.45 روپے پر آگئی۔ اسی طرح حکومت نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کا اعلان کیا ہے اور نئی قیمت 77.51 روپے مقرر کردی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 849304

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849304/کورونا-وائرس-عالمی-مارکیٹ-میں-تیل-کی-قیمت-25-فیصد-تک-کمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org