0
Monday 9 Mar 2020 18:31

لاہور، جامعہ المنتظر میں جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں تقریب، چراغاں

لاہور، جامعہ المنتظر میں جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں تقریب، چراغاں
اسلام ٹائمز۔ حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں مولود کعبہ امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے یوم ولادت کا جشن منایا گیا۔ علی مسجد پر چراغاں کیا گیا۔ تقریب کے بعد ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جشن میلاد کی تقریب کی نظامت الحاج محمد افضل جعفری نے کی۔ طلباء کرام نے مقالے پیش کئے۔ منقبت خوانوں نے شان علی میں قصائد پڑھے۔ جامعہ کے استاد مولانا سید ضیاءالحسن نجفی نے حدیث پیغمبر ”اے علی! تیری مثال کعبہ کی سی ہے“ کے عنوان سے اپنے خطاب میں کہا کہ علی کعبہ میں پیدا ہونیوالے پہلے اور آخری معصوم ہیں، فقط پیدائش کا واقعہ ہی منفرد نہیں بلکہ اس سے زیادہ منفرد اور حیرت انگیز حضرت ابو طالب کی اہلیہ فاطمہ بنت اسد کیلئے کعبہ کی دیوار کا پھٹ جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی نصرت کرنیوالی اس عظیم ہستی کی عظمت کا احساس دلانے کیلئے خصوصی اہتمام فرمایا ورنہ بی بی گھر سے کعبہ کی چابی بھی لا سکتی تھیں کیونکہ حضرت ابوطالبؑ، بنی ہاشم کعبہ کے کلید بردار تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ بنت اسد نے کعبہ کے نزدیک آ کر دین ابراہیمی پر قائم رہنے کی گواہی دیتے ہوئے اپنے بطن کے فرزند کا واسطہ دیا تو کعبہ کی دیوار شق ہوگئی، علی نے دنیا میں آتے ہی سورہ مومنون کی چند آیات کی تلاوت کی، پہلی نظر رسول اللہ کے چہرہء اقدس پر ڈالی۔ یہ اعزازات و امتیازات علی کے سوا کسی کو حاصل نہیں۔ مولانا ضیا الحسن جعفری نے کہا کہ علی کو مثل کعبہ قرار دینے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں ایک یہ ہے کہ جس طرح دین کے اہم ترین رکن نماز کیلئے رو بقبلہ ہونا واجب ہے، اسی طرح علی کی ولایت اور محبت واجب، جیسے کعبہ سے رخ موڑ کر پڑھی جانیوالی نماز باطل ہے اسی طرح علی اور علی کے راستے سے روگردانی بھی حق سے رو گردانی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی بنا پر علی، رسول کے علاوہ کسی کی اقتداء نہیں کر سکتے، ورنہ پڑھانے والے کی نماز زیر سوال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش کے دنوں کے واقعات ہی اس قدر منفرد اور فضائل و عظمتوں سے بھرپور ہیں کہ انسانی عقل حیران اور عظمت علی کے آگے سرنگوں ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیدائش کے ہی ایام میں اژدہا کے دو ٹکڑے کرنے کی بنا پر آپؑ کو ”حیدر“ کہا جاتا ہے، یعنی سانپ کو چیرنے والا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی فتح و کامیابی کیلئے اپنے رسول کو علی جیسا حامی و ناصر عطا فرمایا اور اس کی محبت کو ایمان کی شرط قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 849336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش