0
Tuesday 10 Mar 2020 21:37

عوام معاشی اور سیاسی دہشت گردی کا شکار ہیں، سراج الحق

عوام معاشی اور سیاسی دہشت گردی کا شکار ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روز گاری عوام کی ڈپریشن میں اضافہ کر رہی ہے، آج کارخانے نہ بنے تو کل پاگل خانے بنانا پڑیں گے، لنگر خانے چند سو لوگوں کی بھوک تو مٹاسکتے ہیں عوام کے اندر پھیلی ڈپریشن دور نہیں کرسکتے۔ حکومت نے ملک و قوم کے اٹھارہ ماہ ضائع کردیئے ہیں۔ اب بھی اس کی منزل کا تعین نہیں ہوسکا۔ کسی کو کچھ معلوم نہیں کہ یہ حکومت کس طرف جارہی ہے۔ حکومت کے تمام کام ایڈہاک کی بنیاد پر چل رہے ہیں، یہ ایڈہاک ازم کب تک چلے گا کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ سیاست اور جمہوریت کچھ گھروں کی لونڈی بن کررہ گئی ہے، اسی لئے ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں مل سکا۔

انکا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیاں خاندانی پراپرٹیاں ہیں سیاسی و سماجی مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کی ستر فیصد آبادی کو اپنے نرغے میں لے رکھا ہے اور حکومت تماشے کررہی ہے۔ کپاس ملک کی اہم ترین فصل ہے جس کے بیج کی قیمت میں عین بوائی کے وقت 128فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ ملک کو خون پسینہ دینے والے کسان خون کے آنسو رورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، عوام معاشی اور سیاسی دہشت گردی کا شکار ہیں، غربت اور افلاس نے ملک میں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ عام آدمی کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف کے مواقع نہیں مل رہے۔ ان تمام محرومیوں کا اصل ذمہ دار وہ حکمران ٹولہ ہے جو پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوجاتا ہے اور پھر ایک نئے روپ میں عوام کا استحصال شروع کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمران پارٹیاں ایک ہی قطار میں کھڑی ہیں، سارے ایک ہی در کے فقیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو چور چور کہنے اور بے لاگ احتساب کے نعرے لگانے والے عوام کو دھوکہ دیتے ہیں، یہ احتساب نہیں سیاست کرتے ہیں اور مل کر قوم کا پیسہ ہضم کرتے ہیں، جس دن حقیقی احتساب ہو گیا ان میں سے اکثریت جیلوں میں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 849564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش