QR CodeQR Code

نابلس پر صیہونی حملہ، 1 فلسطینی شہید، 60 زخمی

11 Mar 2020 18:07

فلسطینی وزارت صحت کے نمائندے "طریف عاشور" کے مطابق علی الصبح اسرائیلی فوج کی 40 سے زائد بکتر بند گاڑیوں نے فلسطین کے جنوبی شہر نابلس کے علاقے "جبل العرمہ" پر بلا اشتعال حملہ کر دیا جس میں ایک 15 سالہ نوجوان شہید اور 60 فلسطینی زخمی ہو گئے جنہیں مختلف فلسطینی ہسپتالوں میں داخل کر لیا گیا ہے جبکہ ان میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی وزارت صحت کے نمائندے "طریف عاشور" کے مطابق فلسطین کے جنوبی شہر نابلس پر غاصب صیہونی فوج کے حملے میں 1 فلسطینی نوجوان شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق علی الصبح اسرائیلی فوج کی 40 سے زائد بکتر بند گاڑیوں نے فلسطین کے جنوبی شہر نابلس کے علاقے "جبل العرمہ" میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرے کو اپنے گھیرے میں لے کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ایک 15 سالہ نوجوان موقع پر ہی شہید جبکہ دوسرے 60 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔


نابلس پر اسرائیلی فوج کے اس بلا اشتعال حملے میں زخمی ہونے والے فلسطینی شہری نابلس میں واقع "رفیدیا" ہسپتال میں داخل کر لئے گئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی فائرنگ سے ان زخمیوں کے سر اور سینے میں خطرناک زخم آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی الصبح اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے فلسطینی شہر نابلس میں منعقد ہونے والے ایک پرامن فلسطینی احتجاجی مظاہرے کو اپنے گھیرے میں لے کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے فلسطینی شہریوں کے شہید و زخمی ہو جانے کے علاوہ فلسطینی املاک و گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔


فلسطینی آزادی کی تحریک (PLO) کے مرکزی رہنما "تیسیر خالد" کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں کے خلاف (نام نہاد فلسطینی حدود کے اندر) اسرائیلی فوجیوں کی ظالمانہ کارروائیاں جنگی جرائم ہیں۔ انہوں نے اپنے اس بیان میں پر امن فلسطینی احتجاجی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن فلسطینی احتجاجی مظاہرین کو شہید و زخمی کرنے کا یہ اسرائیلی اقدام وحشیانہ اور انسانیت سے دور ہے۔ خالد تیسیر نے اسرائیلی حملے کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ جبل العرمہ کا علاقہ اسرائیل کی طرف سے غیرقانونی یہودی بستیاں آباد کرنے کے دہشتگردانہ اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کی ایک علامت بن گیا ہے۔


خالد تیسیر نے کہا کہ یہودی دہشتگرد اپنے دوسرے جرائم کے علاوہ اس علاقے میں فلسطینی کاشتکاروں کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جبکہ انہی اسرائیلی دہشتگردانہ اقدامات کے خلاف فلسطینی نہتے شہری احتجاج کر رہے تھے جن پر صیہونیوں نے بلا جواز حملہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز سے ہی لاکھوں فلسطینی اس علاقے میں اسرائیلی جارحیت اور غیرقانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے جمع ہو چکے تھے جبکہ دوسری طرف اسرائیل نے یہ اعلان بھی کر رکھا ہے کہ وہ جبل العرمہ کے ایک قدیمی علاقے پر قبضہ کر کے عنقریب وہاں اپنی غیرقانونی یہودی بستیاں آباد کر دے گا۔


خبر کا کوڈ: 849721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849721/نابلس-پر-صیہونی-حملہ-1-فلسطینی-شہید-60-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org