0
Wednesday 11 Mar 2020 23:13

بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ ظالمانہ فیصلہ ہے، مسترد کرتے ہیں، تحریک صوبہ ملتان

بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ ظالمانہ فیصلہ ہے، مسترد کرتے ہیں، تحریک صوبہ ملتان
اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین روا عبدالقیوم شاہین، چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل ارائیں، رکن الدین ملتانی، شاہ محمد خان ناصر، پیر کریم بخش مڑل، حاجی اللہ دتہ، رانا عبدالعزیز، رانا جنگ شیر علی، ملک اقبال حسن سروہا، سردار سجاد ڈوگر، چوہدری لطیف گجر، انجینئر اختر لودھی، روبینہ انصاری، خواجہ محمد انور، راو لیاقت علی، خواجہ شفیق اللہ البدری، علامہ ابوبکر عثمان الازہری، مسعودخالد علوی، اشفاق ندیم ایڈووکیٹ، ملک ثقلین تھہیم، ملک عمران یوسف اوردیگر نے بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ کے قیام کے حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فیصلہ زمینی حقائق کے منافی ہے، محض اپنے سیاسی مفادات کیلئے خطے کے عوام کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، اس فیصلے سے انتشار پھیلے گا، خطے کی عوام اس ظالمانہ فیصلے کر مسترد کرتی ہے۔ اگر حکمران عوام کو سہولت دینا چاہتے ہیں تو پھر ملتان میں سول سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جائے، کیونکہ جغرافیائی لحاظ سے ملتان ہی ایسا شہر ہے جہاں پورے خطے کے تمام شہروں سے لوگ آسانی سے پہنچ سکتے ہیں لہذا سول سیکرٹریٹ کے لئے ملتان سے بہتر کوئی شہر نہیں ہوسکتا۔

رہنمائوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکمرانوں نے یہ فیصلہ آنکھیں بند کرکے کیا ہے، اگر حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو خطے کی گلی گلی میں احتجاج ہوگا، جس کے نتائج حکمرانوں کو بھگتنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ملتان اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف بھرپور ردعمل دینے کیلئے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ خطے کے سیاستدان اس حوالے سے اپنی آوازبلند کریں۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے وزیرخارجہ سے اس فیصلے کا اعلان کرانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران جماعت میں بھی اس فیصلے کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں۔ عوام وزیرخارجہ کے اس اعلان سے قطعی طور پر مطمئن نہیں ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 849788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش