QR CodeQR Code

کورونا وائرس، سندھ حکومت کا کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ قائم کرنے کیلئے وفاق کو خط

11 Mar 2020 23:42

خط میں فلو، نزلہ زکام، جسم کا درد اور بخار میں مبتلا افراد کو قرنطیہ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پر قرنطیہ کے قیام کے بعد مشکوک افراد کو وہاں رکھا جا سکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے کورونا وائرس کی روک تھام اور بیرون ملک سے کراچی آنے والے مسافروں کیلئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قرنطینہ قائم کرنے کیلئے  وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کی ٹاسک فورس نے وفاقی حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون اور ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خط شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قرنطینہ قائم کرنے کیلئے خط تحریر کیا ہے، جہاں بیرون ملک سے آنے والے ایسے مسافروں کو رکھا جائے، جن کے وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہو اور ان کی اسکریننگ اور ضروری ٹیسٹ کیے جا سکیں۔

خط وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر بھجوایا گیا ہے۔ خط وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر ایوی ایشن ڈویژن غلام سرور خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے نام ارسال کیا گیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قرنطینہ کے قیام میں سندھ حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی، قرنطینہ کے قیام سے بیرون ملک سے آنے والوں کو رکھنے میں مدد ملے گی۔ خط میں فلو، نزلہ زکام، جسم کا درد اور بخار میں مبتلا افراد کو قرنطیہ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پر قرنطیہ کے قیام کے بعد مشکوک افراد کو وہاں رکھا جا سکے گا۔


خبر کا کوڈ: 849795

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849795/کورونا-وائرس-سندھ-حکومت-کا-کراچی-ایئرپورٹ-پر-قرنطینہ-قائم-کرنے-کیلئے-وفاق-کو-خط

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org