0
Thursday 12 Mar 2020 21:35
کورونا متاثرین کی تعداد 45 سے تجاوز

سعودی عرب، عمرہ زائرین اور غیر ملکیوں کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی ہدایت

سعودی عرب، عمرہ زائرین اور غیر ملکیوں کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے یورپی یونین سمیت 12 نئے ممالک پر سفری پابندی عائد کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر عمرہ زائرین اور وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ داخلہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے تمام رہائشی، اقامہ ہولڈر اور عمرہ زائرین کو واپسی کے لیے 72 گھنٹے دیے ہیں، جس کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔ سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے، پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلی پرواز پی کے 763/764 اتوار کو اسلام آباد سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔ ہفتے کو پرواز پی کے 717/718  کراچی سے مدینہ منورہ اور پی کے 767/768 کراچی سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ جان کا کہنا ہے ضرورت کے مطابق پروازوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، تمام مسافر حضرات جو پابندی کی وجہ سے سفر کرنا چاہتے ہوں فوری طور پر پی آئی اے کے دفاتر سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب پاکستان میں سعودی عرب کے سفارخانے نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث سعودی حکومت نے عارضی طور پر اپنے شہریوں اور غیر ملکی مقیم افراد کے سفر پر پابندی لگا دی ہے، سعودی شہری یا کارآمد اقامہ ہولڈر رکھنے والوں کو  واپس سعودی عرب آنے کی مہلت دینے کے لیے فیصلے میں 72 گھنٹوں کی چھوٹ دی گئی ہے، متعدد ممالک کی پروازیں بند کر دی ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے، کسی بھی ایمرجنسی سفر کی صورت میں وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے انسانی ہمدردی کے بنیاد پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مملکت کی جانب سے پہلے ہی پڑوسی عرب ریاستوں سمیت 19 ممالک پر سفری پابندیاں ہیں، جن کے دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، حالیہ فیصلے میں یورپی یونین کے ممالک کے علاوہ سوئٹزر لینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، ایریٹیریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ پر بھی سفری پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔ حالیہ فیصلے میں فلپائن اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ ورکرز کو استثنی دیا گیا ہے، سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق 24 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، سعودی عرب میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 45 ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 849966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش