QR CodeQR Code

حالات کنٹرول میں ہیں، صورتحال بدلی تو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں، سعید غنی

12 Mar 2020 21:02

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس امریکا، ایران اور اٹلی جیسی صورتحال نہیں، کرونا کے معاملے پر وفاق سے کسی لڑائی کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں اور اسکول کھولے جاسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں صورتحال بدلی تو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کر سکتے  ہیں، 16مارچ سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں وزیر تعلیم سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس جب سے آیا ہے تعلیمی ادارے  بند کئے ہیں، 16 مارچ سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے اور امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ کل ایجوکیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کیا تھا، اجلاس میں یہی تجویز آئی کے اسکولز دوبارہ کھلیں گے، متاثرین کرونا کا وائرس دوسرے ممالک سے لے کر آئے، ہمارے ترجمان نے کہا کہ اسکریننگ شاید صحیح نہیں ہورہی۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کرونا کے معاملے پر وفاق سے کسی لڑائی کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں اور اسکول کھولے جاسکتے ہیں، سب سے آسان فیصلہ ہے اسکولز بند اور پی ایس ایل میچز نہ کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس امریکا، ایران اور اٹلی جیسی صورتحال نہیں، خدا نہ کرے اگر صورتحال بدلی تو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہے، تمام متاثرہ افراد بیرون ملک کا سفر کرکے لوٹے ہیں اور اب تک مہلک وائرس کا کسی ایک شخص سے دوسرے میں منتقل ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 849969

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/849969/حالات-کنٹرول-میں-ہیں-صورتحال-بدلی-اپنے-فیصلوں-پر-نظرثانی-کرسکتے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org