0
Friday 13 Mar 2020 23:04

عراق، التاجی پر نامعلوم راکٹ حملے کیبعد متعدد عراقی مقامات پر امریکہ کے ہوائی حملے

عراق، التاجی پر نامعلوم راکٹ حملے کیبعد متعدد عراقی مقامات پر امریکہ کے ہوائی حملے
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ روز بغداد کے شمال میں واقع التاجی ایئربیس پر نامعلوم افراد کی جانب سے دسیوں کتیوشا راکٹ فائر کئے جانے کے بعد، جس سے 3 امریکی و برطانوی فوجی ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے تھے، جمعے کے روز علی الصبح امریکی جنگی طیاروں نے عراق کے مختلف مقامات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ کے ان حملوں میں عراقی صوبے بابل کے شہر "جرف الصخر" میں واقع عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس "کتائب حزب اللہ" کے ایک فوجی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

عرب نیوز چینل المیادین کی رپورٹ کے مطابق عراقی شہروں جرف الصخر اور السعیدات پر کم از کم 3 مرتبہ حملہ کیا گیا ہے۔ المیادین نے بتایا کہ السعیدات نامی علاقہ جرف الصخر کا ہی ایک حصہ ہے جہاں موجود طبی شعبے اور اسلحے کے ایک ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عرب نیوز چینل الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ عراقی صوبوں صلاح الدین، بابل، بصرہ اور کربلا میں حشد الشعبی کے متعدد مراکز کو بھی ان امریکی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری طرف عراقی ذرائع کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے کربلا میں ایک زیرتعمیر ایئرپورٹ پر بھی حملہ کیا جہاں تعینات ایک تعمیراتی اہلکار ان حملوں کا نشانہ بن کر جانبحق ہو گیا ہے۔ امریکی نیوز چینل اسکائی نیوز کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے عراق کے صوبے واسط میں بھی حشد الشعبی کے ایک فوجی مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔ اسکائی نیوز کا امریکی وزارت دفاع سے نقل کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عراقی سرزمین پر ہونے والے ہوائی حملے امریکی جنگی طیاروں کی مدد سے کئے گئے ہیں اور ان میں ڈرون طیارے استعمال نہیں ہوئے جبکہ ان حملوں میں 5 مختلف مقامات پر اسلحے کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 850156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش