0
Saturday 14 Mar 2020 13:03

لاہور، قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد، تمام تقریبات بھی منسوخ

لاہور، قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد، تمام تقریبات بھی منسوخ
اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت کیمپ آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ادا کریں، متعلقہ صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے اور وفاقی اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، صحت، سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، صنعت، آبپاشی، ہاؤسنگ کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور کے علاوہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اس اہم ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تین ہفتوں کیلئے تعلیمی ادارے بند رکھنے اور عوامی اجتماعات نہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، کرونا وائرس  سے بچاؤ اور پیشگی سدباب کیلئے جاری ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بشمول سکول، کالج، میڈیکل کالج، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، یونیورسٹیز اگلے تین ہفتے کیلئے بند رہیں گے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ اگلے تین ہفتوں کے دوران ہونیوالے تمام امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں، تمام ٹیوشن سینٹرز اور دینی مدارس بھی تین ہفتے کیلئے بند رکھے جائیں گے، دینی مدارس میں مقیم صرف غیر ملکی طلبہ کو مدارس کے ہوسٹل میں رہنے کی اجازت دی جائے گی۔ ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں تمام میرج، بینکوئٹ ہالز اور مارکیز بھی تین ہفتوں کیلئے بند رہیں گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اگلے تین ہفتوں کیلئے تمام مذہبی اجتماعات اور تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، جشن بہاراں اور دوسرے میلے بھی تین ہفتے کیلئے منسوخ کر دیئے گئے ہیں، تمام سرکاری اور نجی سپورٹس فیسٹیول بھی تین ہفتے کیلئے منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ ہدایات کے مطابق تین ہفتوں کیلئے جیلوں میں مقیم قیدیوں سے ملاقاتوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا پی ایس ایل کے میچز شائقین کے بغیر منعقد ہوں گے۔ محکمہ اطلاعات محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کی مشاورت کے ساتھ موثر میڈیا کمپین کا اہتمام کرے گا۔ تمام متعلقہ محکمے مذکورہ بالا احکامات کی تعمیل کیلئے موثر اقدامات اور گائیڈ لائنز جاری کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 850269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش