QR CodeQR Code

زائرین کی مشکلات کے حل کیلئے علامہ باقر زیدی کی سندھ حکومت کے اہم وزراء سے ملاقات

14 Mar 2020 18:49

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر بلدیات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے علامہ باقر زیدی کو حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے تمام اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے وفد کے ہمراہ ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر بلدیات و مذہبی امور حکومت سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور سندھ میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کے لئے سندھ بھر میں خصوصی اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مسافروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کے لئے سہولیات میسر کرے تا کہ سفر سے لوٹ کر آنے والوں کے لئے مسائل کو کم کیا جائے۔  علامہ باقر زیدی کے ہمراہ وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا علی انور جعفری، سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی حسین نقوی اور سیکرٹری فلاح و بہبود ارشد اللہ مکتبی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر بلدیات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے علامہ باقر زیدی کو حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے تمام اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے سکھر میں ایک مرکز قائم کردیا گیا ہے جہاں پر ان تمام مسافروں کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بلکہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے اور ساتھ ساتھ اس مرکز پر رہائش پذیر تمام شہریوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔ ملاقات کے دوران حکومت سندھ کے نمائندوں میں صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی، صوبائی وزیر صحت و انجینئرنگ میر شبیرخان بجارانی، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز حسین شاہ، ہوم سیکرٹری سندھ محمد عثمان چاچڑ اور آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ اور حکومت سندھ کے نمائندوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی تمام تر کوششوں اوراقدامات کے بارے میں مجلس وحدت مسلمین سند ھ کے فوکل پرسن کو رابطہ میں رکھا جائے گا اور تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ علماء کے تعاون کے بغیر حکومت سندھ اس مسئلہ سے نہیں نمٹ سکتی ۔

علامہ باقر زیدی نے حکومت سندھ کی جانب سے مسافروں کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سندھ بھر میں حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہے اور کسی قسم کے تعاون سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سکھر میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات میں ہم آہنگی کے لئے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری اظہر حسن کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا۔ گفتگو کے دوران سید ناصر حسین شاہ نے علامہ باقر زیدی کی جانب سے مشہد میں موجود مسافروں کی واپسی کے لئے خصوصی طیارہ بھیجنے کی درخواست پر کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنا خصوصی طیارہ تفتان بارڈر پر بھیج دیا ہے جو مسافروں کو لانے کا کام انجام دے رہا ہے جبکہ مشھد سے مسافروں کو لانے کے لئے طیارے کی درخواست سندھ حکومت وفاقی حکومت کو بھیج دے گی اور اس حوالے سے سندھ حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔


خبر کا کوڈ: 850315

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/850315/زائرین-کی-مشکلات-کے-حل-کیلئے-علامہ-باقر-زیدی-سندھ-حکومت-اہم-وزراء-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org