0
Sunday 15 Mar 2020 11:38

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف برطانیہ اور دبئی میں احتجاجی مظاہرے

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف برطانیہ اور دبئی میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری اور جیو کی بندش و پچھلے نمبرز  پر ڈالنے کیخلاف برطانیہ اور دبئی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ گزشتہ دنوں جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور آفس میں پیشی کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ برمنگھم میں مختلف صحافی تنظیموں اور آزاد میڈیا کے حامی افراد ایڈیٹرانچیف جنگ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف سراپہ احتجاج  نظر آئے۔ پاکستان میں جیو نیوز کی بندش پر برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں بھی قونصل خانے کے باہر آواز بلند کی گئی۔ برٹش پاکستانی کمیونٹی کے نزدیک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری اور جیو کی بندش پاکستان میں میڈیا کی آزادی پر حملہ ہے۔  مانچسٹر میں بھی پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور  امارات میں بھی پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں نے جیو  سے اظہار یکجہتی کیا۔ علاوہ ازیں امریکا نے بھی جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔ امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز  نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 850445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش