1
Sunday 15 Mar 2020 23:49

جارح قوتوں کو نکال باہر کر کے دم لیں گے، کتائب حزب اللہ

جارح قوتوں کو نکال باہر کر کے دم لیں گے، کتائب حزب اللہ
اسلام ٹائمز۔ عراق کی سرکاری افواج میں شامل، حشد الشعبی کے اہم بریگیڈ "کتائب حزب اللہ" نے التاجی نامی امریکی فوجی اڈے پر گزشتہ ہفتے ہونے والے پہلے نامعلوم راکٹ حملے کا بہانہ بنا کر امریکہ کی طرف سے عراق میں مزاحمتی فورسز کے اور متعدد فوجی و غیر فوجی مراکز کو اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنانے پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی مزاحمتی فورسز عراقی سرزمین پر حملہ آور قابض اور جارح قوتوں کو عراق سے نکال باہر کر کے ہی دم لیں گی۔

حشد الشعبی کے ذیلی بریگیڈ کتائب حزب اللہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض امریکی فوج نے عراقی مسلح افواج کے مراکز پر حملہ کر کے نہ صرف ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کی ہے بلکہ عراقی شہروں اور نہتی شہری آبادی کو بھی اپنا نشانہ بنا کر گستاخی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جارح قوتوں کے مقابلے میں موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں عراقی سرزمین سے نکال باہر کر دینا ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ کتائب حزب اللہ نے اپنے بیان میں حشد الشعبی کے مراکز کو امریکہ کی طرف سے نشانہ بنائے جانے کی کارروائی کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ جارح امریکی فوج کے اس حملے میں کتائب حزب اللہ کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب "التاجی" نامی امریکی فوجی اڈے پر نامعلوم افراد کی جانب سے دسیوں کتیوشا میزائل فائر کئے گئے تھے جس سے وہاں موجود 3 برطانوی و امریکی فوجی ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے تھے جبکہ امریکہ نے اس نامعلوم حملے کی ذمہ داری عراقی مزاحمتی فورسز پر ڈالتے ہوئے جمعے کے روز عراقی مزاحمتی فورسز، فوج اور پولیس کے مراکز سمیت کربلا کی زیرتعمیر ایئرپورٹ کو بھی اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا جس پر حکومت سمیت عراقی سیاسی و فوجی قیادت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکی ہوائی حملے کے اگلے ہی روز "التاجی" ایئربیس ایک اور شدید راکٹ حملے سے دوبارہ لرز اٹھی تھی جس پر امریکہ کی طرف سے اپنے 3 فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دیئے جانے کے علاوہ تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 850527
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش