QR CodeQR Code

 علمائے کرام، مشائخ عظام اور خطباء کو چاہیئے کہ وہ کچھ دنوں کے لئے تقریبات ختم کردیں، پیر نورالحق قادری 

15 Mar 2020 23:33

ممبر صوبائی امن کمیٹی شفقت حسنین بھٹہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی اُمور کا کہنا تھا کہ ایران اور عراق میں پھنسے زائرین کو پاکستان لانے کے لئے عملی طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں، ایران سمیت دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے پاکستانی شہریوں کی سنجیدگی کے ساتھ سکریننگ کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر سید نورالحق قادری نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ یکجا ہو کر موذی مرض کرونا وائرس کو شکست دیں گے، جس سے نمٹنے کے لئے حکومتی سطح پر وسیع تر اقدامات ہو رہے ہیں۔ علمائےکرام، مشائخ عظام اور خطباء کو چاہیئے کہ وہ کچھ دنوں کے لئے تقریبات ختم کردیں تاکہ اس وبا سے بچ سکیں۔ ایران اور عراق میں پھنسے زائرین کو پاکستان لانے کے لئے عملی طور پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایران سمیت دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے پاکستانی شہریوں کی سنجیدگی کے ساتھ سکریننگ کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ کی قیادت میں علمائےکرام کے وفد سے کی گئی ملاقات میں کیا۔ جبکہ اس موقع پر الحاج شفقت حسنین بھٹہ نے مقدس مقامات سے آنے والے زائرین کی مشکلات اور تفتان بارڈر پر زائرین کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہ کیا۔

جس پر وفاقی وزیر پیر سید نورالحق قادری نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ اور موجودہ حکومت اس سلسلے میں خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے تاہم شہریوں کو بھی چاہیئے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا کوئی سامنا نہ کرنا پڑے۔ انشاءاللہ بہت جلد اس موذی مرض کو ایک ہو کر شکست دیں گے اور یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لئے ہمارے بروقت اقدامات کی گواہی ڈبلیو ایچ او بھی دے رہا ہے، پاکستانی ڈاکٹرز یقینا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے دن رات توجہ دے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 850529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/850529/علمائے-کرام-مشائخ-عظام-اور-خطباء-کو-چاہیئے-کہ-وہ-کچھ-دنوں-کے-لئے-تقریبات-ختم-کردیں-پیر-نورالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org