0
Monday 16 Mar 2020 12:36
وزیراعظم کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس طلب

کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 94 سے متجاوز، سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار

صحت مند پاکستان کے لیے کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 94 سے متجاوز، سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں قاتل کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود اس کے پھیلاؤ کی روک تھام نہیں ہو رہی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 50 مریض سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سندھ میں ایران سے تفتان بارڈر سے سکھر آنے والے 50 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کے مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے، جن میں سے 25 کا تعلق کراچی، ایک حیدر آباد سے جبکہ 50 کیسز تفتان بارڈر سے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا سے متاثر ہونے والے 2 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا سے متعلق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ صحت مند پاکستان کے لیے کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمر جنسی کور گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام اور پاک فوج کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ قومی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تیار ہیں، 14 لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، قومی یک جہتی کے ساتھ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، صحت مند پاکستان کے لیے کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔

قاتل وبا کے سامنے بند باندھنے اور اس کی روک تھام کیلئے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، جس میں اہم وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ قومی سلامتی کی تشکیل کردہ کورآڈینیشن کمیٹی بریفنگ دے گی، جب کہ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے باعث انڈیکس 34 ہزار کی سطح تک گر گیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 36 ہزار سے 34400 کی سطح تک گرگیا۔ 16سو پوائنٹس کی کمی کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ 45 منٹ کے لیے روک دی گئی، خودکار نظام کے تحت 4 فیصد سے زائد اُتار چڑھاؤ پر مارکیٹ میں کاروبار معطل کردیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے پیر، جمعرات اور جمعہ کو بھی مارکیٹ ہالٹ کے تحت ٹریڈنگ 45 منٹ تک بند کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 48 پیسے سستا ہوگیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 157 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 850591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش