0
Monday 16 Mar 2020 14:38
مجالس، میلاد، پارٹیز، جلسے، جلوس، عرس اور میلوں پہ پابندی

کورونا وائرس، ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، 5 افراد کے اکھٹا ہونے پہ پابندی

شادی ہال، پبلک پارک، سیر گاہیں، دربار بند، بلوٹ شریف، حاجی بابا کے میلے بند
کورونا وائرس، ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، 5 افراد کے اکھٹا ہونے پہ پابندی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ملک بھر کی طرح خصوصی احتیاطی تدابیر اپنائی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈی پی او کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی ہدایت پر بلوٹ میں تاریخی میلہ اور عرس کی تقریبات سمیت پنیالہ میں ''حاجی بابا عرس'' کی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر عوام کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے محطوظ رکھنے کیلئے ضلع بھر میں نجی تقریبات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جس کے تحت ضلع بھر میں تمام شادی ہالز کو بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شادی بیاہ کی درجنوں تقریبات منسوخ ہو گئی ہیں۔ ادھر ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر وائلڈ لائف پارک، چڑیا گھر اور پبلک پارکس بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔ 

اسی طرح ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ نے ضلعی پولیس سربراہان ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک و ساؤتھ وزیرستان و تمام ایس ڈی پی اوز اور تمام ایس ایچ اوز کو کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے مسئلہ کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا ہے اس پر 100 فیصد عمل درآمد کرایا جائے۔ کسی بھی علاقہ میں ایسے کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے، جس میں پانچ یا پانچ سے زیادہ اشخاص کی شراکت ہو۔ اس حوالے سے تمام شادی ہالوں میں ہر قسم کی تقریبات پر مکمل بابندی عائد کی گئی ہے اور سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔ آر پی او نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی کھلے مقام میں ہر قسم کے پروگرامز مثلاً مجالس، میلاد، پارٹیز، جلسہ، جلوس وغیرہ کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، اگر کوئی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اسی طرح ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج نے تمام ایس ڈی پی اوز اور تینوں اضلاع کے ایس ایچ اوز کو سختی سے حکم دیا کہ کسی بھی علاقہ میں ایسے کسی بھی پروگرام کے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی یا کسی شادی ہال میں کوئی تقریب جاری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تو متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہو گی۔اسی حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس جیسی جان لیوا وبا سے محفوظ رہنے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اوراس سلسلے میں پولیس و حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تمام کے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو چاہئے کہ وہ رش والی جگہوں سے دور رہیں اور خاص طور پر کسی بھی ایسی جگہ یا مقام پر جانے سے گریز کریں، جہاں پر دیگر مقامات یا علاقوں سے آئے ہوئے لوگ موجود ہوں۔

 
خبر کا کوڈ : 850656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش