QR CodeQR Code

کورونا وائرس، عوام کے اندر خوف و ہراس حکومتی نااہلی سے پھیلا ہے، سراج الحق

16 Mar 2020 20:38

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر نے کہا کہ وفاق اور صوبے ایک دوسرے پر نااہلی کا الزام لگا رہے ہیں اور عوام کو وبا سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کی بجائے ایک دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے میں لگے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ تعالیٰ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں، حکومت وعظ و نصیحت کی بجائے کورونا سے بچاؤ کیلئے عملی اقدامات پر توجہ کرے، اب تک کی صورتحال سے واضح ہو گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں کسی ناگہانی آفت سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں، حکومت ہر چھوٹے بڑے اسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص اور علاج کا انتظام کرے، صرف چند بڑے شہروں میں علاج کی سہولت دینا چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے کروڑوں عوام کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری، ناظم عمومی محمد دین منصوری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے ساتھ ساتھ اپنی طاقت کے گھمنڈ و سائنسی ترقی کے زعم میں مبتلا دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کو بھی اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکنا اور اس کے اقتدار و اختیار اور حاکمیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی تشخیص، علاج اور عوامی آگاہی کے حوالے سے نااہلی کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے، حکومت خود اعتراف کر رہی ہے کہ اب تک سامنے آنے والے کیسز وہ ہیں، جو مختلف ممالک سے پاکستان میں پہنچے ہیں، لیکن اب تک حکومت کورونا سے متاثرہ لوگوں کی ملک میں آمد کو روک سکی ہے اور نہ ہی اسکریننگ کا بااعتماد نظام قائم کیا جا سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اندر زیادہ خوف و ہراس حکومت کی نااہلی اور بے خبری کی وجہ سے پھیلا ہے، وفاق اور صوبے ایک دوسرے پر نااہلی کا الزام لگا رہے ہیں اور عوام کو وبا سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کی بجائے ایک دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے میں لگے ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 850698

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/850698/کورونا-وائرس-عوام-کے-اندر-خوف-ہراس-حکومتی-نااہلی-سے-پھیلا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org