QR CodeQR Code

سوئزر لینڈ میں ایمرجنسی، فرانس اور روس کا سرحدیں بند کرنے کا اعلان

17 Mar 2020 07:33

فرانس نے منگل اور روس نے بدھ سے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپ میں پرتگال اور اسپین نے بھی دونوں ممالک کے مابین درمیان پروازیں اور ٹرین سروس معطل اور سرحدیں بند کر دی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 7 ہزار سے تجاوز کرگئیں جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہوگئی تاہم  67 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ممالک نے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ فرانس نے منگل اور روس نے بدھ سے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپ میں پرتگال اور اسپین نے بھی دونوں ممالک کے مابین درمیان پروازیں اور ٹرین سروس معطل کر دی ہیں اور سرحدیں بند کر دی ہیں۔ نیوجرسی میں کرفیو نافذ ہے، ہنگری نے بھی پیر اور منگل کی درمیانی شب غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سوئٹزر لینڈ کی حکومت کورونا وائرس کے باعث ملک  میں ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کر چکی ہے۔

مشرقی وسطی میں سعودی عرب، کویت، لبنان پہلے ہی اپنی سرحدیں بند کر چکے ہیں اور سعودی عرب کی جانب سے متعدد ممالک سے آنے والے مسافروں کی آمد پر 14 دن کی پابندی عائد کی جاچکی ہے ساتھ ہی سعودی عرب میں سرکاری دفاتر بند ہو چکے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

عالمی سطح پر کورونا کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کے سلسلے میں پیرس، دبئی، لاس اینجلس جیسے پررونق شہروں میں سماجی و تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جرمنی اور برطانیہ نے بھی عوامی سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ باقی دنیا کے برخلاف میکسیکو اور برازیل میں بڑی سیاسی ریلیاں جاری ہیں اور برطانیہ نے بھی تاحال اسکول بند نہیں کیے ہیں۔ بھارت میں بھی کورونا کے خلاف اقدامات جاری ہیں، تاج محل سمیت تمام تفریحی و عوامی مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 850792

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/850792/سوئزر-لینڈ-میں-ایمرجنسی-فرانس-اور-روس-کا-سرحدیں-بند-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org