0
Tuesday 17 Mar 2020 20:15

جمعہ 20 مارچ کو یوم دعا رجوع الی اللہ منایا جائے گا، علمائے کرام کی اپیل

جمعہ 20 مارچ کو یوم دعا رجوع الی اللہ منایا جائے گا، علمائے کرام کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ مختلف مکتبہ فکر کے ممتاز علماءکرام و دینی رہنماؤں نے جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے ڈرنے کے بجائے اللہ سے ڈریں، احتیاطی تدابیر کے ساتھ طہارت اور اپنے گناہوں سے توبہ و استغفار کرکے اللہ تعالیٰ سے رجوع اور معافی مانگیں، جمعہ 20 مارچ کو یوم دعا رجوع الی اللہ منایا جائے گا، علماءکرام منبر و محراب کے پلیٹ فارم سے قوم کی رہنمائی، احتیاطی تدابیر کی ہدایت اور دین اسلام سے جڑنے کی ترغیب دیں، ان خیالات کا اظہار ممتاز علماءکرام دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن، جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، جامعہ ستاریہ کے مدیر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد سلفی، اسلامی تحریک سندھ صدر کے علامہ ناظر عباس تقوی نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد نے رجوع الی اللہ مہم کے حوالے سے ان تک امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا، جنہوں نے اپنے تعاون اور جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔ جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید الاخوان، مفتی آفتاب ملک اور سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، پروفیسر غلام عباس قادری، حکیم سید مطیع الرحمن بھی ساتھ موجود تھے۔

تمام علمائے کرام و دینی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مساجد و مدارس پر تالے لگا کر لوگوں کو نماز پڑھنے سے روکنے کی بجائے، مساجد کو بھرپور آباد کیا جائے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ توبہ و استغفار اور کثرت کے ساتھ ذکر و اذکار کرکے رجوع الی اللہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سمیت تمام وبائی بیماریاں و مصیبتیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے وارننگ و تنبیہ ہے کہ اے انسانو سدھر جاؤ، کیونکہ اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان میں آج اللہ و اس کے رسولؐ سے بغاوت پر مبنی سودی نظام معیشت کی سرپرستی، لادینیت و قادیانیت کو فروغ اور فحاشی و عریانی کے سیلاب کے ذریعے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جا رہی ہے، اس لئے کورونا وائرس سمیت تمام مسائل و مصیبتوں سے نجات کا واحد حل توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہے۔ علمائے کرام نے جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضروت قرار دیتے ہوئے اتحاد امت، عالم اسلام اور مہم کی کامیابی و خیر و برکت کی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 850946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش