1
Wednesday 18 Mar 2020 04:39

القائم فوجی اڈہ عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے، امریکہ

القائم فوجی اڈہ عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ عراق میں داعش سے نام نہاد مقابلے کے امریکی اتحاد نے شام کی سرحد کے قریب واقع "القائم" فوجی اڈے کو خالی کر کے عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عراق میں امریکی اتحاد (Operation Inherent Resolve) کی مشترکہ جوائنٹ ٹاسک فورس نے ٹوئئر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے اتحادیوں اور عراقی حکومت کے ہمراہ داعش کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں کامیابی پر ہم عراق میں موجود اپنے اڈوں کے درمیان فوجیوں اور جنگی سامان کو منتقل کر رہے ہیں۔

امریکی وزارت دفاع کے 3 اعلی افسروں کا امریکی نیوز چینل این بی سی کو کہنا تھا کہ عراق میں موجود امریکی فوج اپنے سینکڑوں فوجیوں کو عراق کے مختلف مقامات پر منتقل کر رہی ہے جبکہ ان میں سے بعض کو عراق سے واپس بھی بلا لیا جائے گا۔ امریکی نیوز چینل این بی سی کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے عراق میں شامی سرحد کے قریب واقع "القائم" فوجی اڈے کو خالی کر دیا ہے جبکہ موصل کے نزدیک واقع "القیارہ" اور کرکوک کی K-1 ایئربیس کو بھی عنقریب خالی کر دیا جائے گا۔

عراق میں داعش سے نام نہاد مقابلے کے امریکی آپریشن "Operation Inherent Resolve" کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خالی کئے جانے والے فوجی اڈے اور ایئربیسز عراقی فورسز کے کنٹرول میں ہی باقی رہیں گی جبکہ ہم داعش کو ہمیشہ کے لئے شکست دینے کی خاطر عراقی حکومت کو اپنے مفید مشورے دیتے رہیں گے۔ امریکی آپریشن کے اس ترجمان نے عراقی سرزمین سے امریکی فوج کی واپسی کے کسی ٹائم فریم کا ذکر نہیں کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے عراق میں موجود اپنے فوجی اڈوں اور فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا یہ فیصلہ عراق میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں پر مسلسل راکٹ حملوں کے بعد کیا گیا ہے جس میں دسیوں امریکی و برطانوی فوجی ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں تاہم پینٹاگون کا کہنا ہے کہ عراقی سرزمین پر امریکی فوج کے وسیع نقل و انتقال کے اس سلسلے کا "التاجی" نامی امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے متعدد راکٹ حملوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 851015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش