0
Wednesday 18 Mar 2020 21:02

صدر مملکت عارف علوی کا سراج الحق اور طاہر اشرفی سے ٹیلی فونک رابطہ

چین اور ایران میں مقیم پاکستانی شہری اور طلباء خیریت سے ہیں، عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی کا سراج الحق اور طاہر اشرفی سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سے ٹیلی فونک رابطہ، کرونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو چین کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ چین اور ایران میں مقیم پاکستانی شہری اور طلباء خیریت سے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کرونا کیخلاف جنگ میں حکومت کیساتھ ہے، جماعت اسلامی کے دفاتر اور الخدمت کے تحت چلنے والے ہسپتال اور ادارے قوم کی خدمت کیلئے حاضر ہیں۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں کرونا کے حوالے سے آگاہی اور صفائی مہم چلائے گی۔ سراج الحق نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب صدر مملکت نے چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی سے فون پر رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے علما و مشائخ کے فعال کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرونا وائرس پر باہمی اتحاد سے ہی قابو پائیں گے۔ چین سے ملنے والی معلومات کے تناظر میں آئندہ لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔ علما و مشائخ نے عوام کی رہنمائی کیلئے انتہائی فعال کردار ادا کیا ہے اور مزید ادا کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے مساجد میں نماز اور جمعة المبارک کے اجتماعات فرش پر ادا کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے پاکستان علماء کونسل اور دیگر تنظیموں کی کوششیں مثبت ہیں، علما و مشائخ، عوام الناس کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی میں مدد کریں۔
خبر کا کوڈ : 851041
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش