QR CodeQR Code

زائرین کو درپیش مشکلات پر ملت تشیع تشویش کا شکار ہے

آئی ایس او پاکستان نے تمام اجتماعی تنظیمی سرگرمیاں موخر کر دیں

حکومت زائرین کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے،عارف حسین

18 Mar 2020 10:07

مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے انسانوں بالخصوص پاکستان کے شہریوں کو مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں باہمی تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل سے ہی چھٹکارا ممکن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے عالمی وبا کورونا کے باعث تنظیم کی تمام اجتماعی نشستوں کو عارضی طور پر موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے انسانوں بالخصوص پاکستان کے شہریوں کو مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں باہمی تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل سے ہی چھٹکارا ممکن ہے۔ مرکزی صدر نے تفتان میں زائرین کیساتھ حکومتی ناروا رویہ کی مذمت کرتے ہوئے  کہا کہ نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کے باعث ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ تفتان بارڈر، سکھر اور ڈیرہ غازیخان میں زائرین کو تاحال مشکلات کا سامنا ہے، جس پر ملت تشیع پاکستان میں گہری تشویش پائی جاتی ہے کہ آخر زائرین کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کیوں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے نام پر ایک ہی جگہ پر تمام زائرین کو اکٹھے رکھا جا رہا ہے جس کے باعث ان میں نزلہ زکام اور وبائی مرض پھیلنے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ مرکزی صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زائرین کو فی الفور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور میڈیا پر جاری ملت تشیع پاکستان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈہ فوری روکا جائے۔


خبر کا کوڈ: 851043

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851043/آئی-ایس-او-پاکستان-نے-تمام-اجتماعی-تنظیمی-سرگرمیاں-موخر-کر-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org