0
Wednesday 18 Mar 2020 20:51

گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 10 نئے کیسز، حکومت کا 15 روز کیلئے مارکیٹیں بند کرنے کا اعلان

گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 10 نئے کیسز، حکومت کا 15 روز کیلئے مارکیٹیں بند کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 10 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے 21 مارچ سے پندرہ دن تک گلگت بلتستان میں تمام مارکیٹیں بند کرنے اور سیاحوں کے داخلے پر تین ہفتوں کیلئے مکمل پابندی کا اعلان کر دیا ہے، ہفتے کی چھٹی بھی بحال کر دی گئی۔ وائرس سے نمٹنے کیلئے 60 کروڑ روپے کا ہنگامی فنڈ قائم کر دیا گیا۔ بدھ کے روز صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعلٰی حفیظ الرحمٰن نے وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ، مشیر اطلاعات شمس میر اور ترجمان حکومت فیض اللہ فراق کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے زائرین کے ساتھ تفتان میں انتہائی ظلم کیا گیا، قرنطینہ کے دوران تمام زائرین کو ایک ہی جگہ رکھا گیا جس کیوجہ تندرست زائرین بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ تفتان میں ناقص صورتحال پر ہم نے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا اس کے باوجود انتظامات بہتر نہیں کئے گئے۔ 16 لاکھ کی آبادی میں اب 13 کیسز انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ بہت بڑا چیلنج بھی ہے، ہمیں ایک قوم بن کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی فنڈ میں تمام سرکاری ملازمین و ممبران اسمبلی کی پانچ دن کی تنخواہ شامل کر کے 30 کروڑ روپے جمع کئے جائیں گے جبکہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے 30 کروڑ روپے فراہم کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شروع دن سے شوشا کی بجائے عملی اقدامات کئے اور اب تک کرونا کے سدباب کے لئے 15 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، ابتدائی طور پر 9 وینٹی لیٹر مشینیں خریدی ہیں اور گگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کو یہاں پہنچایا ہے اور سکریننگ کے بعد 45 مشتبہ مریض پائے گئے، زائرین کو قرنطینہ اور آٸسولیشن کے لئے 250 بیڈ ہوٹلز کا بندوبست کر کے تمام زاٸرین کو ہوٹلوں میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی بہتر نگہداشت اور سخت مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور بہتر انتظامات فراہم کر رہے ہیں۔ جی بی کے لئے  اضافی گندم کی فراہمی کے لئے وفاق کو لیٹر لکھا گیا ہے اور کرونا کے خلاف آگاہی مہم میں اساتذہ کو شامل کیا جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر کرونا کی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ہر ڈسٹرکٹ میں کمیٹیاں بناٸی جاٸینگی۔

وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے  شبہ ظاہر کیا کہ ہمارے سابقہ اور موجودہ زائرین میں اکثریت کرونا وائرس کا شکار ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، اس وقت گلگت بلتستان کے زائرین کی کل تعداد 1400 سے زائد ہے جن میں 200 سے زائد زائرین کی آمد ہو رہی ہے۔ کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے صوبائی کابینہ کے آج کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں جس کی روشنی میں حکومت نے فوری طور پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے 30 کروڑ روپے جاری کئے ہیں جبکہ مزید 9 وینٹی لیٹرز مشینیں منگوائی گئی ہیں۔ اسکے علاوہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں کرونا سینٹرز کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور آمدہ روز میں میڈیا سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر کرونا وائرس کے حوالے سے جی بی بھر میں شعور و آگاہی سمیت روک تھام کی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے مہم شروع کی جا رہی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ 22 مارچ سے پورے گلگت بلتستان میں تعلیمی ادارے، سرکاری دفاتر سمیت تمام بازار، مارکیٹیں 15 روز کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکے علاوہ مذہبی، سیاسی و سماجی اجتماعات سمیت 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 851166
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش