QR CodeQR Code

ایران پھر سے اٹھ کھڑا ہو گا اور پابندیوں کو توڑ ڈالے گا، محمد جواد ظریف

19 Mar 2020 05:06

ایرانی وزیر خارجہ نے نوروز کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ ایران پر عائد اپنی پابندیوں میں مسلسل اضافے اور سختیوں سے ہمارے ملک کو خطرات اور رنج و الم کے گہرے سمندر میں گھرے کسی جزیرے میں بدلنا چاہتا ہے تاہم اس کے جواب میں نوروز کا کامیابی پر مبنی پیغام ایران کے لئے اُمید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پھر سے اٹھ کھڑا ہو گا اور پابندیوں کے اس زندان کے تمام تالے توڑ ڈالے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نئے ایرانی سال کی آمد اور "نوروز" کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ایرانی قوم سمیت اقوام عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے شاعرانہ پیغام میں معروف ایرانی شاعر "مولانا رومی" کی اس غزل کی طرف اشارہ کیا ہے جس کا مرکزی خیال یہ ہے کہ "نوروز" کا مفہوم زندانوں کے تالے توڑ ڈالنا اور ظالم و جابر قوتوں کو دندان شکن جواب دینا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ ایران پر عائد اپنی پابندیوں میں مسلسل اضافے اور سختیوں سے ہمارے ملک کو خطرات اور رنج و الم کے گہرے سمندر میں گھرے کسی جزیرے میں بدلنا چاہتا ہے تاہم اس کے جواب میں نوروز کا کامیابی پر مبنی پیغام ایران کے لئے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پھر سے اٹھ کھڑا ہو گا اور پابندیوں کے اس زندان کے تمام تالے توڑ ڈالے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام کی طرف سے بارہا یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے ساتھ مقابلے کی کوششیں غیرقانونی امریکی پابندیوں سے بُری طرح متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ امریکہ کے دعوے کے برخلاف امریکی پابندیاں ایران میں غذائی سامان کی درآمد کے ساتھ ساتھ دواؤں اور طبی سامان کی درآمد میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے چند روز قبل ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرش سمیت اقوام متحدہ کے تمام اداروں کے سربراہوں کے نام کرونا سے مقابلے کے لئے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی پرواہ نہ کرنے کے مطالبے پر مبنی خط بھی تحریر کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 851225

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851225/ایران-پھر-سے-اٹھ-کھڑا-ہو-گا-اور-پابندیوں-کو-توڑ-ڈالے-محمد-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org