1
Thursday 19 Mar 2020 07:12

مغربی کنارے میں صیہونی حملے جاری، 7 فلسطینی نوجوان گرفتار

اسرائیل کیطرف سے فلسطینی احتجاجی مظاہروں کی جاسوسی کیجاتی ہے
مغربی کنارے میں صیہونی حملے جاری، 7 فلسطینی نوجوان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) و مغربی کنارے میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا ہونیوالی سنگین صورتحال کے باوجود مظلوم فلسطینی احتجاجی مظاہرین پر غاصب صیہونی فوج کے ٹارگٹڈ چھاپے جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں کی طرف سے اپنے غصب شدہ حقوق کے حصول کے لئے فلسطینی سرحدوں کے اندر منعقد کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں پر اسرائیلی فوج مکمل جاسوسی کرتی ہے جس کے نتیجے میں سامنے آنے والے فلسطینی مظاہرین کے ناموں کے مطابق فلسطینی شہروں میں ان کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

مغربی کنارے میں فلسطینی مظاہرین کے گھروں پر غاصب صیہونی فوجیوں کی تازہ چھاپہ مار کارروائیوں میں 7 فلسطینی نوجوان مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تازہ اسرائیلی کارروائیوں میں مغربی کنارے میں اسرائیل کی طرف سے تعمیر کی جانے والی سرحدی دیوار اور فلسطینی حدود میں متعدد شاہراہوں کے مسدود کئے جانے کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے والے 21 سالہ نوجوان "امین نصر ابوھنیہ" کو "قلقیلیہ" میں واقع اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عرب اخبار "القدس العربی" کے مطابق مغربی کنارے کے مرکزی شہر رام اللہ سے بھی 6 نوجوانوں کو احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے الزام میں ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری طرف غاصب صیہونی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بھی مغربی کنارے سے کئی ایک فلسطینی نوجوانوں کے اغواء کا اعتراف کیا گیا ہے جن پر مبینہ طور پر یہودی غیرقانونی آبادکاروں کے خلاف مزاحمتی اقدامات کے الزام میں اسرائیلی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں وسیع پیمانے پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود وہاں قید فلسطینیوں کے بچاؤ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے بچاؤ کے اقدامات کرنے کے بجائے اسرائیلی حکام نے انہیں اپنے خاندانوں کے ساتھ ملاقاتوں سمیت متعدد بنیادی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 851231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش