0
Thursday 19 Mar 2020 18:06
مردان میں لاک ڈاؤن، 34 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ، پولیو مہم موخر

کورونا اپڈیٹس، مریضوں کی تعداد 338 سے متجاوز، ایکسپو سنٹر کراچی کو ہسپتال بنانیکا فیصلہ

سعودی عرب سے آنیوالا کورونا مریض حکومتی عدم توجہ سے ہلاک ہوا
کورونا اپڈیٹس، مریضوں کی تعداد 338 سے متجاوز، ایکسپو سنٹر کراچی کو ہسپتال بنانیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے شخص کے حوالے سے سرکاری سطح پہ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مردان کی یونین کونسل منگاہ کے رہائشی مریض 50 سالہ سادات خان نے ہسپتال کے قرطینہ میں رہنے سے انکار کیا اور مریض کے اصرار پر اسے گھر جانے دیا گیا تھا۔ سادات خان جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 9 مارچ کو پشاور ایئرپورٹ پر اترا، جہاز میں سادات خان کے ساتھ 2 دوست بھی ہم سفر تھے اور ان کے گھر واپس آنے پر گھر والوں نے دوست احباب اور رشتہ داروں کے لئے دعوت کا اہتمام کیا، دعوت میں گاوں بھر کے لوگوں نے شرکت کی، جنہوں نے نہ صرف سادات خان سے ہاتھ ملایا بلکہ گلے ملکر عمرہ کی مبارکباد دی۔ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے سادات خان کے دوست عالمزیب کے مطابق انہیں کسی ائیرپورٹ پر چیک نہیں کیا گیا، مرحوم کی موت کے بعد انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ہوش اڑ گئے اور اب سادات خان کی رہائشی یونین کونسل کو لاک ڈاؤن کرکے آمد ورفت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ واضح رہے مرحوم شخص کے خاندان کے تمام افراد کے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ٹیسٹ اور اسکریننک جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مزید 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ایک مریض کی ہلاکت کے بعد مردان کی یونین کونسل منگا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 211 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہوگئی۔ پنجاب میں 33، بلوچستان میں 45، اسلام آباد میں 5، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض زیر علاج ہے۔محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا کے مطابق کرم میں 5، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان سے 3،3 جب کہ لوئر دیر، مالاکانڈ ، پشاور اور ہری پور سے ایک ایک مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو ڈیرہ اسماعیل خان کے درہ زندہ آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ان کے پتے پر صوبائی حکومت کی جانب سے فوڈ پیکیج بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس اہلکار کوارٹائن کرنے والے مقامات پر عوام کو بے جا ہراساں نہ کریں۔ جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہو گئی۔ سندھ میں کورونا وائرس کےسب سے زیادہ 211 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں، محکمہ سندھ کے مطابق سکھر 151، کراچی 59 اورحیدرآباد میں ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے پیش نظر مرحلہ وار 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ریلوے میں 2 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں، جو کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک لاکھ 60 ہزار ہو گئے ہیں۔ ٹرینوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے، ریلوے مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 134 ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں، 22 مارچ سے 12 ٹرینیں بند کی جا رہی ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید 20 ٹرینیں بھی بند کرسکتے ہیں، ہم جو کماتے ہیں وہی ریلوے پر خرچ کرتے ہیں، اگر پوری سروس بند کی تو ہمارے پاس پینشن اور ملازمین کی تنخواہ کے پیسے نہیں ہیں۔ ہم 134 ٹرینوں میں سے 34 بند کرنے جا رہے ہیں۔ اس سے ملازمین کی تنخواہیں نہیں رکیں گی۔ لال حویلی کی آئسولیشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ موت کا دن متعین ہے یہ میرا ایمان ہے۔ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں ہوگی، لال حویلی بند نہیں ہو گی، عوام سے ملتا جلتا رہوں گا کھلی کچہری لگے گی۔

کورونا کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہو گا۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو یہ کام سر انجام دے گی جب کہ سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 17 مارچ کو پی ایس ایل 2020 میں شریک کُل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹس آج پی سی بی کو موصول ہوگئی ہیں جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی ہے۔ گزشتہ روز کورونا وائرس سے شہری کی ہلاکت کے بعد مردان کی یونین کونسل منگا میں غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مردان نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق یونین کونسل سے کوئی شخص نہ تو باہر جاسکتا ہے اور نہ اندر آسکتا ہے۔ مرحوم شخص کے خاندان کے تمام افراد کے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ٹیسٹ اور اسکریننک جاری ہے۔ ہری پور میں ڈی ایس پی سمیت 22 افراد نے کورونا وائرس کے حوالے سے ٹیسٹ کرائے تھے جن کی رپورٹس تاحال اب تک نہیں ملی تاہم اب ان لوگوں کو خان پور ریسٹ ہاؤس سے دوسری جگہوں پر منتقل کردیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے پاک ایران سرحد کے قریب تفتان کے مقام سے مزید 1653 زائرین کو اپنے اپنے متعلقہ صوبوں کی جانب روانہ کردیا ہے، لیوی حکام کا کہنا ہے کہ 42 بسوں میں سوار زائرین کو پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر روانہ کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے خدشات پیش نظر خیبر پختون خوا میں انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 13 لاکھ 24ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر تھا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کے ماتحت تمام ادارے بند کردیئے گئے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ 3 اپریل تک سندھ کے 25 سرکاری محکمے اور ان کے ذیلی دفاتر بند رہیں گے، اس کے علاوہ خود مختار کارپوریشنز، ادارے اور لوکل کونسلز میں بھی تعطیل ہوگی، سندھ تعطیلات کے باوجود تمام محکموں کے انتظامی سربراہان اور سینئر افسران آن کال رہنے کے پابند ہوں گے۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، داخلہ، خزانہ، بلدیات، خوراک، منصوبہ بندی و ترقیات میں سرکاری تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور محکمہ جیل خانہ جات کے دفتر بھی کھلے رہیں گے۔ کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے وہیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی اس سے محفوظ نہیں ۔ ہنڈریڈ انڈیکس گزشتہ 2 ہفتوں سے مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور جمعرات کو انڈیکس گزشتہ 5 سال کی انتہائی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 851349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش