0
Thursday 19 Mar 2020 20:50

موجودہ صورتحال میں حکومت ایک ماہ کا راشن غریبوں کے گھر بھیجے، مشتاق احمد خان

موجودہ صورتحال میں حکومت ایک ماہ کا راشن غریبوں کے گھر بھیجے، مشتاق احمد خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 70 ڈالر فی بیرل سے 21 ڈالر فی بیرل حالیہ غیر معمولی کمی کے حساب سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے، تاکہ صنعتی شعبے کو ریلیف ملے اور غریب عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال نے غریب اور متوسط طبقے کو پہلے ہی شدید متاثر کیا تھا، اب کرونا وباء سے پیدا ہونے والے معاشی کساد بازاری، لاک ڈاون، خوف، بے یقینی اور تعطل روزگار سے ان کی حالت انتہائی دگرگوں ہونے جارہی ہے۔ اس لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس پروگرام کے ڈیٹا کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز سے کم از کم ایک ماہ کا راشن مستحقین کے گھروں تک مفت پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے اور عوام کو ماہانہ بلوں میں ریلیف دیا جائے۔ فوری طور پر ایک ''مواخاۃ اکاونٹ'' کھولا جائے جس میں پاکستان کے اندر اور باہر مخیر حضرات اپنے غریب اور مستحق پاکستانیوں کی مالی امداد کے لیے رقوم جمع کرنا شروع کریں۔ ریاست مدینہ کی مواخاۃ کی یاد تازہ کرتے ہوئے حکومت اس فنڈ کے لیے میڈیا اور انتظامی مشنری کی مدد سے بھرپور مہم چلائے تاکہ آنے والے دنوں میں صاحب استطاعت لوگ غریب اور ناداروں کے بروقت مالی امداد کرسکیں اور کرونا بحران کے منفی نتائج کو کم سے کم کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 851358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش