0
Thursday 19 Mar 2020 19:20

حکومت اشیاء خورد و نوش کا ذخیرہ کرنیوالے عناصر پر نظر رکھے، علامہ احمد اقبال

حکومت اشیاء خورد و نوش کا ذخیرہ کرنیوالے عناصر پر نظر رکھے، علامہ احمد اقبال
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاو کے لئے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ ملک میں اشیاء خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خریداری کے مراکز میں آٹا اور صابن سمیت گھریلو استعمال کی مختلف اشیاء کی عدم دستیابی کی اطلاعات سے لگتا ہے کہ منافع خور عناصر اور موقع پرست مافیا نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا آفات ناگہانی اور مشکل حالات کا مقابلہ جرات، حوصلے اور ایثار کے جذبے سے کرنا زندہ قوموں کا شعار ہے۔ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، جو امتحان کی اس گھڑی میں عوام کے لئے مشکلات کھڑی کرنے میں مصروف ہیں۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ تھوک و پرچون کا کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اشیاء فروخت کرتے وقت ذخیرہ اندوزوں سے محتاط رہیں، تاکہ گھریلو صارفین کے روپ میں وہ اشیاء خورد و نوش کی غیر معمولی مقدار حاصل نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس حکومت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ذمہ دارانہ طرز عمل کا تقاضہ کرتا ہے۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ ذخیرہ اندوز عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں اور ایسے مذموم عناصر سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔ ان ہنگامی حالات میں حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی تدابیر پر سختی سے عمل اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔
خبر کا کوڈ : 851359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش