0
Thursday 19 Mar 2020 21:52

صدر مملکت عارف علوی کا علامہ نیاز نقوی کو فون، کرونا کیخلاف تعاون کی اپیل

زائرین کے حوالے سے مخصوص پروپیگنڈہ یکجہتی کی فضا خراب کر رہا ہے، نیاز نقوی
صدر مملکت عارف علوی کا علامہ نیاز نقوی کو فون، کرونا کیخلاف تعاون کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علماء کرام حکومت کا ساتھ دیں، ملک کے تمام طبقات سیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہو جائیں اور قومی جذبے کیساتھ موذی وبا کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کورونا وائرس کے متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

علامہ نیاز نقوی نے یقین دہانی کروائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں علما حکومت کیساتھ ہیں، بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت فوری اور موثر اقدامات کرے۔ اس بحران سے نمٹنے کیلئے شیعہ علماء، تنظیمیں، مخیرین اور نوجوان حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں۔ جن نکات کی طرف صدر پاکستان نے متوجہ کیا ہے ہم خود بھی اس پر پہلے سے عمل کر رہے ہیں اور ملک بھر میں اپنے مدارس، علماء، آئمہ جمعہ و جماعت کو بھی تاکید کر رہے ہیں۔

علامہ نیاز نقوی نے صدر مملکت، وزیر اعظم، آرمی چیف، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے صحت، اطلاعات اور تعلیم کے نام خط میں متوجہ کیا اور زور دیا کہ میڈیا سے مخصوص قسم کا پروپیگنڈا قومی یکجہتی کی فضاء کو متاثر کر رہا ہے۔ اس آزمائش و مصیبت کو مقامات ِ مقدسہ کے زائرین سے جوڑنا نہ صرف خلاف ِ حقائق بلکہ قومی یکجہتی کی فضاء کے بھی منافی ہے۔ وائرس کے پھیلاﺅ کے اسباب و عوامل سے سب ذمہ داران بخوبی آگاہ ہیں۔ عوامی رائے سازی میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اِس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں اور منفی تاثر اجاگر کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے واپس آنیوالے مسافروں بالخصوص زائرین کیلئے بنائے گئے کیمپوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں۔ شیعہ علماء و تنظیموں کو ان کیمپوں تک رسائی دی جائے تاکہ حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔ وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ کیمپوں میں صفائی، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کیساتھ شیعہ علماء و تنظیموں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 851387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش