QR CodeQR Code

کرونا وائرس حکومت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ذمہ دارانہ طرز عمل کا تقاضہ کرتا ہے، علامہ باقر زیدی

19 Mar 2020 22:47

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ صوبائی حکومت ذخیرہ اندوز و منافع خور مافیا کے خلاف بھر پور کاروائی کرے، ان ہنگامی حالات میں حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی تدابیر پر سختی سے عمل اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لئے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے، شہر میں اشیائے خوردنوش کی دستیابی کیلئے کریانہ کی دکانوں کو کھلے رکھنے کے حکومتی واضح احکامات کے باوجو مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے کریانہ اسٹورز کو بند کرانا بھی عوام میں اشتعال انگیزی کا باعث بن رہا ہے، جس کی روک تھام کیلئے حکومت کو موثر اقدامات کرنے چاہیئے، دوسری جانب شہر میں اشیا خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، خریداری کے مراکز میں آٹا اور صابن سمیت گھریلو استعمال کی مختلف اشیا کی عدم دستیابی کی اطلاعات سے لگتا ہے کہ منافع خور عناصر اور موقع پرست مافیا نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات اور مشکل حالات کا مقابلہ جرات، حوصلے اور ایثار کے جذبے سے کرنا زندہ قوموں کا شعار ہے، ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی جو امتحان کی اس گھڑی میں عوام کے لئے مشکلات کھڑی کرنے میں مصروف ہیں۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ تھوک و پرچون کا کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اشیا فروخت کرتے وقت ذخیرہ اندوزوں سے محتاط رہیں تاکہ گھریلو صارفین کے روپ میں وہ اشیا خوردونوش کی غیر معمولی مقدار حاصل نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس حکومت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ذمہ دارانہ طرز عمل کا تقاضہ کرتا ہے، عوام کو چاہیئے کہ وہ ذخیرہ اندوز عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں اور ایسے مذموم عناصر سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں، صوبائی حکومت ان ذخیرہ اندوز و منافع خور مافیا کے خلاف بھر پور کاروائی کرے، ان ہنگامی حالات میں حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی تدابیر پر سختی سے عمل اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔


خبر کا کوڈ: 851411

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851411/کرونا-وائرس-حکومت-کے-ساتھ-عوام-سے-بھی-ذمہ-دارانہ-طرز-عمل-کا-تقاضہ-کرتا-ہے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org