0
Friday 20 Mar 2020 00:10

حکومت سندھ کی غیر واضح تعلیمی پالیسی کے باعث ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، علی اویس زیدی

حکومت سندھ کی غیر واضح تعلیمی پالیسی کے باعث ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، علی اویس زیدی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی  جنرل سیکریٹری سید علی اویس زیدی، امامیہ چیف اسکاوٹس عباس رضا، کراچی کے علی نقوی نے کہا ہے حکومت سندھ کی غیر واضح تعلیمی پالیسی کے باعث ہزاروں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، زائرین اور وباء سے متاثرین کی بحالی کے لئے حکومت مزید عملی اقدامات اٹھائے۔ سکھر پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی اویس زیدی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کے انسان موذی وائرس کا شکار ہورہے ہیں اور ہر ملک میں قومی سطح پر آگاہی مہم اور بحیثیت قوم اس وائرس کا مقابلہ کیا جارہا ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں وبائی مرض سے بچاؤ کے بجائے خوف و ہراس طاری کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔

علی اویس زیدی کا کہنا تھا کہ ہزاروں زائرین کو کئی دن تک ایک جگہ رکھ کر بیمار ہونے کیلئے کیوں چھوڑا گیا؟ حقیقت سے راہ فرار کیوں اختیار کیا جا رہا ہے؟ ملت تشیع پاکستان اس مشکل صورتحال میں تعاون کے لئے تیار ہے لیکن زائرین کی تذلیل ناقابل برداشت ہے، اس لئے پراپیگنڈہ کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ آئی ایس او کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ناقص پالیسی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ نے ہزاروں افراد کی زندگیوں کو موذی مرض میں مبتلا کردیا ہے، تفتان میں جگہ کی کمی کے بعد مریضوں اور صحت مند افراد کو اکٹھے رہائشی سہولیات دی گئی جس کے باعث بیسیوں افراد اس وائرس کاشکار ہوئے ہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کیا کہ زائرین کو فی الفور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور میڈیا پر جاری ملت تشیع پاکستان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈہ فوری روکا جائے۔

مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے خطرے کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کردیا ہے لیکن ہزاروں طلباء کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے، جامعات میں آخری سمسٹر، او لیول اے لیول اور میٹرک امتحانات کے امیدوار طلبا بھی غیر واضح تعلیمی منصوبہ بندی کے باعث پریشان ہے، حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں اس گھمبیر صورتحال میں شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملک بھر میں اجتماعی نشستوں کو عارضی طور پر مؤخر کردیا ہے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لئے آگاہی اور صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس انسان کش وباء سے چھٹکارا دعاؤں اور مناجات کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 851430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش