0
Friday 20 Mar 2020 11:05

نربھیا کو انصاف، چاروں مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

نربھیا کو انصاف، چاروں مجرموں کو پھانسی دے دی گئی
اسلام ٹائمز۔ بھارت کو شرمسار کرنے والے اجتماعی آبروریزی اور قتل معاملے کے چاروں مجرموں ونے شرما، مکیش سنگھ، اکشے ٹھاکر اور پون گپتا کو جمعہ کی صبح ساڑھے پانچ بجے تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی ہے۔ تہاڑ جیل کے ڈائریکٹر جنرل سندیپ گوئل نے بتایا کہ چاروں مجرموں کو ٹھیک ساڑھے پانچ بجے پھانسی دے دی گئی اور تقریباً 6 بجے یعنی آدھے گھنٹے بعد چاروں کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ جیل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق چاروں قصورواروں  کو ایک ساتھ پھانسی پر لٹکایا گیا اور اس کے لئے جیل نمبر 3 کی پھانسی  کوٹھی میں دو تختوں پر چاروں کو لٹکانے کے لئے چار ہینگر بنائے گئے تھے۔ ان میں سے ایک کا لیور میرٹھ سے آئے جلاد نے کھینچا اور دوسرے لیور کو جیل اسٹاف نے کھینچا۔ جمعہ کی صبح چاروں کو سیل سے جگایا گیا حالانکہ چاروں میں سے کوئی بھی سویا نہیں تھا۔ اس کے بعد صبح کے ضروری طریقہ کار کے بعد ان سے آخری خواہش پوچھی گئی اور پھر سیل سے باہر لانے سے پہلے چاروں کو کالا کرتا پائجامہ پہنایا گیا اور ہاتھ پیچھے کی طرف باندھ دئے گئے۔
 
پھانسی کے بعد نربھیا کی ماں آشا دیوی نے کہا کہ وہ آج بہت خوشی محسوس کررہی ہیں کیونکہ آخر ان کی بیٹی کو انصاف مل ہی گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انہیں نربھیا کی ماں ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات سال پہلے پیش آنے والے اس واقعہ سے لوگ اور پورا بھارت بے حد شرمندہ تھا لیکن آج انصاف دیا گیا ہے۔ نربھیا کے والد نے کہا دیر سے ہی صحیح انہیں انصاف تو ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے باپ بننے کا فرض نبھایا ہے۔ انصاف کے لئے در در ٹھوکر کھائی لیکن آخرکار انصاف مل ہی گیا۔ قومی خواتین کمیشن کی صدر ریکھا شرما نے ٹویٹ  کرکے کہا کہ آج ایک مثال پیش کی گئی لیکن یہ بہت پہلے ہوجانا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو پتہ چلے گا کہ آپ تاریخ آگے بڑھا سکتے ہیں لیکن سزا ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 851476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش