QR CodeQR Code

سی پیک پر کام کرنے والے 200 چینی ورکرز پاکستان پہنچ گئے، پاکستانی اور چینی ڈاکٹرز کی ٹیم بھی آئی ہے

20 Mar 2020 11:58

پاکستان میں سی پیک منصوبوں پر 10 سے 15 ہزار چینی باشندے کام کرتے ہیں۔ چینی باشندوں کی بڑی تعداد سال نو کی تقریبات کیلئے واپس چلی گئی تھی جس کے بعد کورونا وائرس کے سبب فضائی آپریشن معطل کرنا پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) پر کام کرنے والے 200 چینی ورکرز پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ائرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ تمام چینی باشندے پرواز سی زیڈ 6007 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں جن کے ساتھ پاکستانی اور چینی ڈاکٹرز پر مشتمل خصوصی ٹیم بھی آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چینی باشندوں کو مکمل اسکریننگ اور معائنے کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں سی پیک منصوبوں پر 10 سے 15 ہزار چینی باشندے کام کرتے ہیں۔ چینی باشندوں کی بڑی تعداد سال نو کی تقریبات کیلئے واپس چلی گئی تھی جس کے بعد کورونا وائرس کے سبب فضائی آپریشن معطل کرنا پڑا۔ ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار سے زائد چینی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں جن سے منسلک چینی باشندے کاروبار یا مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں پر کام روک دیا گیا تھا اور چینی باشندوں کی نقل وحرکت بھی محدود کردی گئی تھی۔ چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے سبب سی پیک پر کام کرنے والے چینی باشندوں  سمیت دیگر افراد کی پاکستان آمد پر بھی وقتی پابندی لگا دی گئی تھی۔ کورونا وائرس کی صورتحال اب چین میں قدرے بہتر ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 851490

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851490/سی-پیک-پر-کام-کرنے-والے-200-چینی-ورکرز-پاکستان-پہنچ-گئے-پاکستانی-اور-ڈاکٹرز-کی-ٹیم-بھی-ا-ئی-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org