QR CodeQR Code

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علماء کرام حکومت کا ساتھ دیں، علامہ ناظر عباس تقوی

20 Mar 2020 17:14

ایک بیان میں ایس یو سی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے واپس آنے والے مسافروں بالخصوص زائرین کیلئے بنائے گئے کیمپوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں، شیعہ علماء کو ان کیمپوں تک رسائی دی جائے تاکہ حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں، عیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ شیعہ علماء کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علماء کرام حکومت کا ساتھ دیں لیکن اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت فوری اور مؤثر اقدامات کرے، ملک کے تمام طبقات سیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہوجائیں اور قومی جذبے کے ساتھ موذی وباء کا مقابلہ کریں، میڈیا مخصوص قسم کا پروپیگنڈا قومی یکجہتی کی فضاء کو متاثر کر رہا ہے، اس آزمائش و مصیبت کو مقامات مقدسہ کے زائرین سے جوڑنا نہ صرف خلاف حقائق بلکہ قومی یکجہتی کی فضاء کے بھی منافی ہے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ کے اسباب و عوامل سے سب ذمہ داران بخوبی آگاہ ہیں، عوامی رائے سازی میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اِس حوالے سے ضروری اقدامات کئے جائیں اور منفی تاثر اجاگر کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے، بیرون ممالک سے واپس آنے والے مسافروں بالخصوص زائرین کیلئے بنائے گئے کیمپوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں، شیعہ علماء کو ان کیمپوں تک رسائی دی جائے تاکہ حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں، کیمپوں میں صفائی، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ شیعہ علماء کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 851536

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851536/کورونا-وائرس-کے-خلاف-جنگ-میں-علماء-کرام-حکومت-کا-ساتھ-دیں-علامہ-ناظر-عباس-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org