0
Friday 20 Mar 2020 19:29

پاکستان علماء کونسل نے دیہاڑی دار مزدوروں کو زکوۃ دینے کا فتویٰ دیدیا

پاکستان علماء کونسل نے دیہاڑی دار مزدوروں کو زکوۃ دینے کا فتویٰ دیدیا
اسلام ٹائمز۔ کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات احتیاطی تدابیر اور وزارت صحت کی ہدایات کی روشنی میں منظم ادا کیے گئے، علماء و مشائخ نے جمعۃ المبارک کے مختصر خطبات اور تقاریرمیں مخیر حضرات پر زور دیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے ہزاروں محنت کش اور دیہاڑی دار طبقہ بے روزگاری کا شکار ہے، ایسی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر مخیر حضرات رمضان المبارک کا انتظار کیے بغیر کرونا وائرس سے متاثر ہونیوالے محنت کشوں اور حاجتمندوں کی مالی مدد کیلئے زکوٰاۃ ادا کریں اور صاحب نصاب صدقات کا بھی اہتمام کریں، نصاب کے مطابق سال سے قبل بھی زکوٰۃ ادا کرنے سے زکوٰۃ ادا ہو جاتی ہے، موجودہ صورتحال میں تو یہ افضل عمل ہے، مخیر حضرات اس بات کاخیال ضرور رکھیں کہ جس حاجتمند کی مدد کی جائے اس کی عزت نفس مجروح نہ ہونے دیں، کرونا وائرس یا کرونا سے مشتبہ مریض کا مساجد اور عوامی مقامات پر جانا جائز نہیں، اسلام خود کو اور دوسروں کو تکلیف سے بچانے کا حکم دیتا ہے۔

علماء مشائخ نے کہا کہ عوام الناس افواہوں پر کان نہ دھریں، افواہیں پھیلانے والے کسی کے خیر خواہ نہیں صرف انسانیت کے دشمن ہیں، اس ناگہانی صورتحال سے خود کو اور دوسروں کو کرونا وائرس سے بچانا ہر شہری کا فرض ہے، اس کیلئے طہارت و صفائی کا خاص اہتمام کیا جائے، ہر وقت وضو کی حالت میں رہیں اور ہر نماز کی ادائیگی کیلئے تازہ وضو کیا جائے۔ علماء و مشائخ نے کہا کہ جب تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاتا تب تک احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کے علماء و مشائخ اور عوام الناس نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے مساجد کو بند نہیں ہونے دیا اور جمعۃ المبارک کے منظم اجتماعات کا انعقاد کرکے ایک مثال قائم کر دی، اس عمل سے مساجد بند کرنے کی افواہیں پھیلا کر ملک میں انتشار پیدا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 851566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش