0
Saturday 21 Mar 2020 18:42

اللہ نے معجزات کے ذریعے پیغمبرانِ حق کی شان اجاگر کی، ڈاکٹر طاہر القادری

اللہ نے معجزات کے ذریعے پیغمبرانِ حق کی شان اجاگر کی، ڈاکٹر طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہے اللہ تعالیٰ نے معجزات کے ذریعے پیغمبران حق کی شان اجاگر کی اور شکوک شبہات کی گرد میں آٹے اذہان کو نور ایمان سے منور کیا۔ معراج کمال معجزات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، یہ وہ عظیم واقعہ ہے جس سے تسخیر کائنات کے مقفل دروازوں کے کھلنے کی ابتدا ہوئی۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ذہن انسانی میں ابھرنے والے ان گنت شکوک و شبہات کا ازالہ معجزے کے ظہور سے ہوتا ہے، معجزات دراصل قرب الہی کی نشانی اور تائید غیبی کے مظہر ہوتے ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ اللہ کی ذات بھٹکی ہوئی انسانیت کو صراط مستقیم پر لانے کیلئے اپنے رسولوں کو راز ہستی سے ہمکنار کر کے مبعوث فرماتی ہے تاکہ پیغام حق کے اعلان کے مرحلہ پر اللہ کے یہ رسول ہر نوع کے ابہام سے بالا تر ہو کر پورے ایقان کیساتھ انسانیت کو راہ حق کے مسافر بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ اللہ کے نبیوں اور رسولوں کی دعوت تبلیغ سے باطل کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہوا، فرسودہ نظام کی دیواروں میں دراڑیں پڑیں، استحصالی قوتوں سے ٹکرانا برگزیدہ ہستیوں کے کار نبوت میں سرفہرست رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین کو ایک ایسے منصب جلیلہ پر فائز کیا گیا جو اس سے قبل کسی اور پیغمبر حق کو عطا نہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ نماز سفر معراج کا تحفہ ہے، اس کے ذریعے امت محمدیہ کو بخشش اور انعام اکرام کی گارنٹی دی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سفر معراج میں قاب قوسین کا تواتر سے ذکر آیا ہے، اس تمثیل کے ذریعے ذات باری تعالیٰ اور حبیب مکرم کے درمیان قرب کی انتہائی صورت کو بیان کیا گیا چونکہ اہل عرب قرآن کے اولین مخاطبین ہیں اور اہل عرب کو زبان و ادب کے تناظر میں قاب قوسین کی تمثیل بہ معنی قربت اچھی طرح سمجھائی دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 851685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش