0
Saturday 21 Mar 2020 12:07

کورونا سے اٹلی میں بھیانک صورتحال، 1 دن میں 627 ہلاکتیں

کورونا سے اٹلی میں بھیانک صورتحال، 1 دن میں 627 ہلاکتیں
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس نے یورپ کو بھیانک صورتِ حال سے دو چار کر دیا، اٹلی میں کورونا وائرس ایک ہی روز میں مزید 627 زندگیاں لے گیا، جس کے بعد اٹلی میں وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 32 ہو گئی۔ اٹلی میں 5 ہزار 986 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 47 ہزار سے اوپر چلی گئی۔ اسپین میں مزید 262 افراد کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتیں 1 ہزار 93 ہوگئیں۔ فرانس میں مزید 78 افراد اس وائرس سے ہلاک ہو گئے جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 450 ہو گئی، فرانس میں لاک ڈاؤن کے دوران ملازمین کو تنخواہیں دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یورپ بھر میں ٹرین سروس محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید 33 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 177 ہو گئیں، جبکہ 4 ہزار کے قریب افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے آج سے برطانیہ میں عوامی مقامات بند کرنے کا حکم دے دیا اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 24 ہلاکتوں کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 68 ہو گئی، 4ہزار 528 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے نیدر لینڈز میں 30، جرمنی میں 24، بیلجئیم میں 16، سوئٹزر لینڈ میں 13 اور سوئیڈن میں مزید 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکا میں کورونا وائر س سے مزید 57 افراد ہلاک ہونے کے بعد کل اموات 264 ہو گئیں، جبکہ یہاں ایک ہی روز میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد کورونا کے نئے مریض سامنے آ گئے۔ امریکا میں کورونا کے مجموعی کیسز 19 ہزار سے بڑھ گئے جس کے بعد اس وائرس سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں امریکا چھٹے نمبر پر آ گیا۔

متحدہ عرب امارات میں کورونا سے 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 140 ہو گئی ہے۔ عرب امارات نے غیر ملکیوں کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی ہے، سیاحوں اور ملک سے باہر اماراتی شہریوں پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 70 کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 344 ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 851715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش