0
Saturday 21 Mar 2020 13:51

قومی ایئر لائن نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں

قومی ایئر لائن نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں
اسلام ٹائمز۔ حکومت پاکستان کی ہدایت پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی تمام انٹرنیشنل پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس کا اطلاق آج رات 8 بجے سے ہوگا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں فضائی آپریشن کی معطلی کا نوٹیفیکشن جاری کیے جانے کی توقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ واپسی کے لیے نکلے ہوئے پاکستانی مسافروں کے وطن پہنچنے تک فضائی حدود کھلی رکھی جائیں۔ وزیراعظم نے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو ہدایت کی ہے کہ تمام ایئرلائنز پاکستان کے لیے مزید پروازیں روانہ نہ کریں۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ جو پروازیں مسافروں کو لے کر روانہ ہوچکی ہیں، انہیں وطن پہنچنے دیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق پی آئی اے نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں، اس پابندی کا اطلاق آج شب 8 بجے سے  28 مارچ تک ہوگا۔ ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کے لیے معذرت خواہ ہیں، مگر پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسافر حضرات مزید معلومات اور بکنگ کی تبدیلی کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 851738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش