QR CodeQR Code

امریکہ نے "کرکوک" اور "القیارہ" فوجی اڈوں کو خالی کرنیکا حتمی فیصلہ کر لیا

21 Mar 2020 17:46

عراق میں داعش کیساتھ نام نہاد مقابلے کیلئے تشکیل دیئے گئے امریکی فوجی اتحاد نے عراقی فوجی قیادت کو "کرکوک" اور "القیارہ" فوجی اڈوں کے خالی کئے جانے کے اپنے حتمی فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے جسکے جواب میں عراقی فوجی قیادت نے عراق سے امریکی انخلاء کو 5 جنوری 2020ء کی عراقی پارلیمانی قرارداد پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک مثبت اقدام قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی "الاخبار" کی رپورٹ کے مطابق عراق سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ شامی سرحد کے قریب واقع "القائم" فوجی اڈے کے امریکی اتحادی فورسز کی طرف سے خالی کر دیئے جانے کے بعد اب امریکہ کی طرف سے کرکوک کے "K-1" اور القیارہ فوجی اڈوں کو بھی خالی کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکوک اور القیارہ فوجی اڈوں سے امریکی انخلاء عراق میں امریکہ کی دوسری بڑی عقب نشینی ہو گی۔

عراق میں داعش کے ساتھ نام نہاد مقابلے کے لئے تشکیل دیئے گئے امریکی فوجی اتحاد نے عراقی فوجی قیادت کو "کرکوک" اور "القیارہ" فوجی اڈوں کے خالی کئے جانے کے اپنے حتمی فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے جس کے جواب میں عراقی فوجی قیادت نے عراق سے امریکی انخلاء کو 5 جنوری 2020ء کی عراقی پارلیمانی قرارداد پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی انخلاء پر مبنی قرارداد منظور کر لئے جانے کے بعد سے عراق میں موجود امریکی فوجیوں کا عراقی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ٹریننگ سمیت ہر قسم کا رابطہ کٹ گیا تھا جس کی توجیہ میں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی طرف سے اس کو "کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدبیر" قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سال 2020ء کے شروع میں بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایک امریکی دہشتگردانہ کارروائی میں ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابومہدی المہندس کی رفقاء سمیت شہادت پر ردعمل کے طور پر عراقی پارلیمنٹ نے اپنی ایک قرارداد کے ذریعے امریکہ کے ساتھ اپنے تمام دفاعی معاہدے منسوخ کرتے ہوئے امریکی فورسز کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا تھا۔ علاوہ ازیں عراقی شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف آئے دن کی امریکی دہشتگردانہ کارروائیاں بھی عراقی عوام میں شدید غم و غصے کا باعث بنی تھی اور یہی وجہ ہے کہ عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے نامعلوم حملوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر 24 سے زائد راکٹ حملے کئے گئے تھے جن میں درجنوں امریکی و اتحادی فوجی ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 851774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851774/امریکہ-نے-کرکوک-اور-القیارہ-فوجی-اڈوں-کو-خالی-کرنیکا-حتمی-فیصلہ-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org