0
Saturday 21 Mar 2020 21:05
کورونا سے نمٹنے میں مشکلات

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا جائے، پی پی پی اور مسلم لیگ نواز کا مطالبہ

لاک ڈاؤن نہ کرنے کی صورت میں ہونے والے نقصان کی ذمہ دار حکومت ہو گی
ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا جائے، پی پی پی اور مسلم لیگ نواز کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور شہریوں کو اپنے گھروں تک محدود رکھنے کیلئے مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سے پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو لاک ڈاوَن کی طرف جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے، ملک کو لاک ڈاوَن کر دینا چاہیے تھا، ہر گھنٹے اور ہر دن تاخیر سے کورونا سے نمٹنے سے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پورا ملک  لاک ڈاؤن کیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈاون کرکے کورونا پر قابو پانے کے انتظامات کئے جائیں، حکومت فی الفور لاک ڈاون کی تیاریاں کرے اور عوام کو خوراک کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خراب ہوتی صورتحال میں عوام کی زندگی مزید خطرے میں نہیں ڈالی جا سکتی، کورونا وائرس سے انسانی زندگی کے لئے بڑھتے خطرات پر لاک ڈاون کیا جائے، تاخیر کی صورت بھیانک انسانی المیہ ناقابل قبول ہو گا اور اس تاخیر سے ہونے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہو گی۔ دریں اثنا شہباز شریف نے پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے کچھ غلط ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 851814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش