0
Saturday 21 Mar 2020 21:48

کورونا وائرس، ایم ڈبلیو ایم کا ملک بھر میں وحدت ڈیزاسٹر سیل قائم

کورونا وائرس، ایم ڈبلیو ایم کا ملک بھر میں وحدت ڈیزاسٹر سیل قائم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کی آگہی کیلئے وحدت ڈیزاسٹر سیل کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے تشکیل شدہ ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں کے دورے کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ سندھ میں علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں سیل تشکیل دے دیا گیا ہے، سکھر میں علامہ مختار امامی، چوہدری اظہر سمیت ایم ڈبلیو ایم رضاکار گزشتہ ہفتے سے لگائے گئے قرنطینہ سینٹر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں لگائے گئے قرنطینہ میں علامہ ہاشم موسوی، آغا سید محمد رضا سمیت دیگر رضاکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ پنجاب میں عبدالخالق اسدی، جنوبی پنجاب میں علامہ اقتدار نقوی اور گلگت بلتستان میں آغا علی رضوی کی رہنمائی میں ایم ڈبلیو ایم کے رضاکار اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

ناصر شیرازی نے کہا کہ شہر کراچی میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن کی سربراہی میں سیل میں ایم ڈبلیو ایم ذمہ داران و کارکنان رضاکار اپنے فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ تمام اضلاع میں ٹیموں کے سربراہان اور کارکنوں کے ناموں کا تعین کیا جا چکا ہے۔ انہوں نےکہا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات سے ہی کرونا وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے، ملک کی سیاسی مذہبی جماعتوں مختلف تنظیموں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی مؤثر شخصیات کو چاہیے کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت کے شانہ بشانہ میدان عمل میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات سے مقابلہ کرنا صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بنتی، بلکہ ہر شخص کا یہ انفرادی فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے ہزاروں رضاکاروں کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اپنے اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان خوش آئند اور حب الوطنی کا بہترین اظہار ہے، جہاں جہاں ضرورت پڑی ہمارے کارکن وہاں وہاں پہنچیں گے۔

مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کرچکا ہے، جس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری طبی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے، کرونا وائرس سے متاثر افراد کو چاہیے کہ وہ طبی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، تاکہ اس مرض پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں کے علاوہ دیہی علاقوں، قصبوں اور مضافات میں بھی کرونا آگہی مہم کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ لوگوں میں پیدا ہونے والے خوف و ہراس کو دور کرکے اس سے نمٹنے کا حوصلہ پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت خوفزدہ یا پریشان ہونے کا نہیں، بلکہ پورے عزم و حوصلے سے ساتھ مقابلہ کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے پھیلاؤ سے بچانے کی ادویہ اور سینی ٹائرز سمیت دیگر اشیا پر حکومت ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرکے سبسڈی دے، تاکہ ہر شخص یہ چیزیں باآسانی حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے شہریوں کو یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں کم از کم تین ماہ کی چھوٹ کا اعلان کرے، تاکہ عام آدمی کو درپیش مالی مشکلات کا کسی حد تک ازالہ کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 851819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش