QR CodeQR Code

تفتان سے گلگت تک زائرین کیساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا، ایم ڈبلیو ایم، اسلامی تحریک

21 Mar 2020 22:00

وحدت ہاؤس گلگت میں مجلس وحدت مسلمین، اسلامی تحریک پاکستان اور امامیہ کونسل کے رہنماؤں کا شیخ نیئر عباس مصطفوی کی صدارت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک، ایم ڈبلیو ایم اور امامیہ کونسل گلگت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تفتان میں زائرین کیساتھ بدترین سلوک اور حکومت کی نااہلی سے مسائل پیدا ہوئے۔ تفتان سے گلگت تک زائرین کے ساتھ بدترین اور غیر انسانی سلوک روا رکھنے پر وفاقی حکومت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت کے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات انتہائی ناکافی ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔ شہید ڈاکٹر اسامہ ریاض کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کو بچانے کیلئے جان کی بازی لگائی۔ وحدت ہاؤس گلگت میں مجلس وحدت مسلمین، اسلامی تحریک پاکستان اور امامیہ کونسل کے رہنماؤں کا شیخ نیئر عباس مصطفوی کی صدارت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر غور و خوض کیا گیا اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تفتان سے گلگت تک زائرین کو جس اذیت ناک سفر سے دوچار کیا گیا، اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس غیر انسانی سلوک پر حکومت کی سخت سرزنش کی گئی۔ اجلاس میں کرونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ رہنماؤں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر حکومت نے سستی اور کاہلی سے کام لیا تو آنے والے دنوں میں یہ وبا سنگین صورت اختیار کرے گی۔ اجلاس میں تحریک اسلامی کے ڈویژنل صدر نثار حسیں، ضلعی صدر حسین ولی، عمران علی، امامیہ کونسل کے کوثر حسین اور سید شرف الدین نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 851821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851821/تفتان-سے-گلگت-تک-زائرین-کیساتھ-غیر-انسانی-سلوک-کیا-گیا-ایم-ڈبلیو-اسلامی-تحریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org